کراچی کے علاقے پیپر مارکیٹ میں مسجد کے باہر دھماکے میں 2 افراد جاں بحق 20 زخمی

برہانی مسجد کے باہر عین اس وقت دھماکا ہوا جب لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد باہر نکل رہے تھے


ویب ڈیسک March 20, 2015
دھماکے سے مسجد کے قریب کھڑی موٹر سائیکلیں تباہ جبکہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ فوٹو: آئی این پی

پیپر مارکیٹ میں مسجد کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں آرام باغ تھانے کے علاقے پیپر مارکیٹ میں واقع برہانی مسجد کے باہر عین اس وقت دھماکا ہوا جب لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد باہر نکل رہے تھے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے مسجد کے قریب کھڑی موٹر سائیکلیں تباہ جبکہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اس کے علاوہ مسجد کے مرکزی دروازے کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور حادثے میں زخمی افراد کو سول اور برہانی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ طبی ذرائع نے 2 افراد کے جاں بحق جب کہ خاتون سمیت 20 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ڈی آئی جی کراچی جنوبی عبدالخالق شیخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں 2 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جو وہاں کھڑی ایک موٹر سائیکل میں رکھا گیا تھا جب کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کا نمبر کےجی بی 7264 ہے جس کے مالک کا نام لیاقت ہےاور وہ کیماڑی کا رہائشی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں