کراچی کو جرائم سے پاک شہر بنانا میرا مشن ہے وزیر اعظم

کراچی میں آپریشن کی وجہ سے ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتا خوری کی وارداتوں میں کمی ہوئی، وزیر اعظم


ویب ڈیسک March 20, 2015
کراچی میں امن سے نا صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا، وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں ہر صورت میں امن و امان بحال کریں گے اور اسے جرم سے پاک شہر بنانا میرا مشن ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل ایوی ایشن پالیسی 2015 کے اعلان کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کو ملک کے درپیش مسائل کا شدت سے احساس ہے۔ محدود وسائل کے باوجود ملک کو عظیم تر بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ حکومت عوام کے مسائل اور ان کی ضروریات پوری کرنے کی ذمہ داری کو نبھائے گی اور اس کے لئے پاکستان کو ترقی یافتہ اور محفوظ ملک بنانے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے باعث ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ جس کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کراچی میں امن سے ناصرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا، شہر قائد میں امن بحال ہوگا تو اقتصادی سرگرمیاں بھی ہوں گی۔ امن کے قیام کے لئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کے مشورے اور رضا مندی سے شروع کیا گیا جس کی وجہ سے ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں کمی ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔