متحدہ دہری شہریت کے فیصلے کیخلاف بھر پور آواز اٹھائیگی خالد مقبول

اوورسیزپاکستانیوں کی متفقہ رائے اور فیصلوں کو عدلیہ اور پارلیمنٹ تک پہنچایا جائیگا.


Express Desk October 08, 2012
وطن عزیز کیلیے اوورسیز پاکستانیوں کی بے شمار قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،خطاب۔ فوٹو: فائل

ایم کیو ایم نارتھ امریکا کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں ایم کیو ایم امریکا کے ذمے داران کا ایک انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے اور ان پر پاکستان میں انتخانات میں حصہ لینے پر پابندی کے حالیہ فیصلوں کے حوالے سے تفصیلی غور وخوص کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول نے ان فیصلوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان افسوسناک فیصلوں سے بیرون ملک آباد لاکھوں پاکستانیوں میں تشویش اور غم وغصے کی شدید لہر دوڑگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی وطن عزیز کے لیے بے شمار قربانیاں اور حب الوطنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔

ڈاکٹر خالد مقبول سمیت ایم کیو ایم امریکا کے ذمے داران نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی آواز کو مزید مئوثر بنانے اور مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے امریکا اور کینیڈا میں سیمینارز منعقد کئے جائیں گے اور ان میں پیش کی جانے والی تجاویز اور سفارشات کو نیویارک میں منعقد ہونے والے گرینڈ کنوینشن میں حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ ان سفارشات کو اوورسیز پاکستانیوں کی متفقہ قرارداد کے طور پر منظور کیا جائے گا جسے یاد داشت کی شکل میں پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ ، پارلیمنٹ، ایوان صدر اور ایوان وزیر اعظم سمیت حزب اقتدار، حزب اختلاف اور دیگر تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان تک پہنچایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں