کراچی میں کاؤنٹرٹیرارزم فورس کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک 10 گرفتار

دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے جن کی شناخت احسان اللہ، ولی اللہ اور دوست محمد کے نام سے ہوئی، انچارج سی ٹی ڈی


ویب ڈیسک March 21, 2015
دہشت گرد پیر آباد میں پولیس موبائل پر حملے، حیدری مارکیٹ دھماکے میں ملوث ہیں، انچارج کاؤنٹرٹیرارزم ڈپارٹمنٹ علی رضا، فوٹو:فائل

کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ نے منگھوپیر میں کارروائی کرکے 3 دہشت گردوں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا تاہم زخمی حالت میں گرفتار تینوں دہشت گرد دم توڑ گئے۔

انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے منگھو پیر میں چھاپہ مارا تو علاقے میں دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس کی جانب جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جب کہ ان کے دیگر 10 ساتھی بھی گرفتار ہوئے۔

کاؤنٹرٹیرارزم ڈپارٹمنٹ کے انچارج کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی شناخت احسان اللہ، ولی اللہ اور دوست محمد کے نام سے ہوئی جنہیں طبی امداد کے لیےاسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوراج علاج دم توڑ گئے۔ سی ٹی ڈی انچارج علی رضا نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جو پیر آباد میں پولیس موبائل پر حملے، حیدری مارکیٹ دھماکے میں ملوث ہیں جب کہ ملزمان نے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار دیگر ملزمان کےقبضے سے 2 بم، ایک ہینڈ گرینیڈ اور 3 ٹی ٹی پستول سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے جب کہ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔