یوم پاکستان تقریب کے موقع پر جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی

سخت سیکیورٹی انتظامات، ملحقہ سڑکیں، تجارتی مراکز، موبائل بند، کیمرے نصب


ویب ڈیسک March 22, 2015
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ فوٹو : آئی این پی

MARSEILLE: یوم پاکستان کل قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایاجائے گا جب کہ ملک بھرمیں عام تعطیل ہوگی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوم پاکستان کی صبح کا آغاز دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا،شکرپڑیاں کے قریب گرائونڈ میں 7 سال کے تعطل کے بعدمسلح افواج کی پریڈ ہوگی جس کیلیے فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی۔ جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ریڈالرٹ کردی گئی ہے۔ تمام داخلی راستوں اوراہم شاہراہوں پر قائم ناکوں میں پولیس اوررینجرز کے دستے جبکہ ایئرپورٹ سمیت تمام حساس تنصیبات اورعمارتوں پررینجرز اورفوج کے دستے تعینات کردیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جڑواں شہروں میں صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

پریڈ گرائونڈ کے 4 کلومیٹر کے احاطے میں فوج، رینجرزاور پولیس کے دستے گشت کررہے ہیں، مختلف مقامات پر فوجی پکٹس بھی قائم کیے گئے ہیں جبکہ چوراہوں پرکلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ پریڈ ایونیو کی جانب جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگاکرسیل کئے گئے ہیں، ایکسپریس ہائی وے ایئرپورٹ چوک، کھنہ پل اور شکریال کے مقام پر سڑکوں کو بند کرکے ٹریفک کومتبادل راستوں پرموڑدیا گیا ہے۔ مری روڈ، پنڈورا چوک، پیرودھائی موڑاور پشاورروڈ میں واقع تمام ہوٹلوں، ریستورانوں اور گیسٹ ہائوسزمیں مقیم تمام مسافروں کونکال دیاگیا اور مالکان کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ 24 اپریل تک کسی مسافرکو نہ ٹھہرائیں۔ سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے فوج کا خصوصی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جہاں سے کسی بھی مشکوک سرگرمی کا ہمہ وقت جائزہ لیاجا رہاہے۔ لوک ورثہ، مانومنٹ میوزیم کے بعد شکرپڑیاں تفریحی پارک کوبند کردیا گیا ہے۔

23مارچ کی پریڈمیں تینوں مسلح افواج کے دستوں کے علاوہ خواتین فوجیوں کادستہ بھی شریک ہوگا۔ پاک فضائیہ کے جنگی طیارے جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، ایف7 اور ایف7 پی جی کے علاوہ آرمی ایوی ایشن کے ایم آئی17، کوبراگن شپ، پومااور بیل ہیلی کاپٹرزفلائی پاسٹ میں حصہ لیں گے۔ پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان فلائی فاسٹ کی قیادت کریں گے۔ پہلی مرتبہ پاکستان کے جدید ترین کروز میزائلوں کے علاوہ ملکی سطح پرتیار کیے جانے والے براق ڈرون کی بھی نمائش ہوگی۔ پاکستان میں بننے والے ٹینک الضراراور الخالد بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔ چاروں صوبوں کی ثقافت اجاگر کرنے کے لیے علاقائی رقص اورثقافتی دھنیں پیش کی جائیں گی۔ صدر، وزیر اعظم، مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ تقریب میں اہم غیرملکی شخصیات اورسفیروں کوبھی مدعوکیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں