محکمہ تعلیم پنجاب کو اسکولوں میں 44لاکھ بچے اور بچیوں کو داخل کرانے کا ہدف

محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے یکم اپریل سے باقاعدہ داخلہ مہم شروع کی جائے گی

محکمہ تعلیم انے سرکاری اسکولوں کو داخلہ مہم کے حوالے سے تحریری احکامات جاری کردیئے ہیں فوٹو: فائل

پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم کو اسکولوں میں 44لاکھ بچے اور بچیوں کو داخل کرانے کا ہدف دے دیا ہے جس کے تناظر میں یکم اپریل سے باقاعدہ داخلہ مہم شروع کی جائے گی۔


ایجوکیشن فارآل پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے 57ہزار سرکاری اسکولوں میں نئے تعلیمی سال مجموعی طور پر جماعت اول تا نویں جماعتوں تک 44لاکھ بچوں اور بچیوں کو داخل کیاجائے گا۔ اس ضمن میں محکمہ تعلیم کے پاس استعداد کار نہ ہونے پر اتنی بڑی تعداد کو سرکاری اسکولوں میں کھپانا ناممکن ہے تاہم کھاتہ پوراکرنے کے لیے محکمہ نے تمام نجی رجسٹرڈ اور الحاق شدہ اسکولوں کے علاوہ مدرسہ اسکولوں کو بھی اس گنتی کو پوراکرنے کے لیے شامل کرلیا ہے۔ اس تناظر میں سرکاری اسکولوں میں ہدف کا 30فیصد ، نجی رجسٹرڈ اور الحاق شدہ اسکولوں میں 60فیصد جب کہ مدرسہ اسکولوں میں 10 فیصد پورا ہوگا۔

محکمہ تعلیم کے حکام کی جانب سے سرکاری اسکولوں کو داخلہ مہم کے حوالے سے تحریری احکامات جاری کردیئے گئے ہیں تاہم باقاعدہ آغاز نئے تعلیمی سیشن یکم اپریل سے کیاجائے گا۔
Load Next Story