ناقص کارکردگی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کےکھلاڑی وطن پہنچ گئے

ورلڈکپ میں ناکامی پرقوم سےمعافی مانگتا ہوں تاہم اگر اگرآسٹریلیا کو آؤٹ کرلیتےتوبڑی کامیابی ہوتی، وہاب ریاض

ہم نے آپ کے لئے ورلڈ کپ میں بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے، شاہد آفریدی۔ فوٹو:فائل

ورلڈ کپ میں ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ٹولیوں میں وطن واپس پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ورلڈکپ میں شرکت کےبعد وطن واپس پہنچ گئے جنہیں سخت سیکیورٹی میں حج ٹرمینل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچایا گیا جہاں سے کھلاڑی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے، لاہور ایئرپورٹ پہنچے والے کھلاڑیوں میں کپتان مصباح الحق، احمد شہزاد، ناصرجمشید، محمدعرفان، وہاب ریاض احسان عادل، صہیب مقصود اور راحت علی سمیت بولنگ کوچ مشتاق احمد اور ٹیم مینجر نوید اکرم چیمہ بھی شامل ہیں جب کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے 3 کھلاڑی شاہد آفریدی، سرفراز احمد اور سہیل خان کراچی ایئرپورٹ پہنچے جنہیں سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے باہرلایا گیا جب کہ بعض شائقین نے اپنے ستاروں کا ایئرپورٹ پر استقبال بھی کیا۔


اس موقع پر شائقین سے مختصر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم نے آپ کے لئے ورلڈ کپ میں بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے جب کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں ناکامی پرقوم سےمعافی مانگتا ہوں تاہم اگر اگرآسٹریلیا کو آؤٹ کرلیتےتوبڑی کامیابی ہوتی، شین واٹسن سےکوئی تنازع نہیں تھا صرف انہیں پریشرمیں لاناچاہتا تھا۔

دوسری جانب ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کے گھر پر منچلے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور مسلسل دو میچز میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے سرفراز احمد کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔
Load Next Story