33 برس بعد کالی آندھی پھر چل پڑی ویسٹ انڈیز ٹوئنٹی 20کا ورلڈ چیمپئن بن گیا

ناقص وکٹ فائنل میں خود سری لنکا کو لے ڈوبی، میزبان ٹیم کیلیے 138 کا ہدف بھی جان کا روگ بن گیا، پوری ٹیم101 رنز پرڈھیر


Sports Desk October 08, 2012
کولمبو: ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ٹی 20 کا فائنل جیتنے کے بعد ٹرافی اٹھائے خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈیز ٹوئنٹی20 کا نیا عالمی چیمپئن بن گیا، ناقص وکٹ فائنل میں خود سری لنکا کو لے ڈوبی۔

کیریبئین سائیڈ نے33 برس بعد ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی، چیمپئن بنتے ہی پوری ٹیم خوشی سے جھوم اٹھی اور تمام پلیئرز نے اپنا روایتی رقص شروع کردیا، میزبان ٹیم کیلیے 138 کا ہدف بھی جان کا روگ بن گیا، پوری ٹیم 8 گیندیں قبل ہی101 رنز پرغش کھا کر گر پڑی، مہیلا جے وردنے نے33 رنز بنائے، نوان کولاسیکرا برق رفتار 26 رنز بناکر نمایاں رہے، سنگاکارا کی اننگز22 تک محدود رہی باقی 7 کھلاڑیوں کو 5 کے ہندسے سے آگے بڑھنا بھی نصیب نہیں ہوا، سنیل نارائن نے 3 اور ڈیرن سیمی نے 2 وکٹیں لیں۔اس سے پہلے ویسٹ انڈین بیٹنگ کی گرتی دیوار کو مارلون سموئلز نے اپنا مضبوط کندھا فراہم کیا۔

ابتدائی10اوورز میں2 وکٹوں پر 32 رنز بنانے والی ویسٹ انڈین ٹیم نے باقی اوورز میں 105 رنزجوڑے، دوسرے اینڈ سے وکٹوں کے گرتے رہنے کے باوجود سموئلز مضبوطی سے سری لنکن بولرز کے سامنے ڈٹے رہے، انھوں نے78 رنز کی انتہائی شاندار اننگز کھیلی، کپتان ڈیرن سیمی نے بھی قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے ناٹ آئوٹ26 رنز اسکور کیے، اجنتھا مینڈس کی 4 وکٹیں کسی کام نہ آئیں، ٹی 20 کے ماہر بولر لسیتھ مالنگا کو 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 54 رنز کی پٹائی جھیلنی پڑگئی۔

یہ کیریبیئن سائیڈ کی کرکٹ کے کسی بھی عالمی ایونٹ میں33 برس بعد پہلی فتح ہے، آخری مرتبہ ویسٹ انڈیز نے1979میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا، دوسری جانب سری لنکن سائیڈ کو مسلسل تیسرے فائنل میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے، 2009 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے اسے زیر کیا تھا، گذشتہ برس ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

ویسٹ انڈیز کو مختصر ترین طرز کے انتہائی ماہر کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہونے کی وجہ سے ایونٹ کیلیے فیورٹ قرار دیا گیا تھا اور اس نے فیورٹ ہونے کا کوئی دبائو لیے بغیر اپنی صلاحیتوں کو آخری معرکے میں بھی ثابت کردیا اس فتح نے یہ بات بھی ثابت کردی کہ ویسٹ انڈیز کا دارومدار صرف کرس گیل پر نہیں تھا کیونکہ اس بار مرد میدان مارلون سموئلز ثابت ہوئے۔ پاکستان کے خلاف پہلے سیمی فائنل میں ٹرننگ وکٹ تیار کرنے کے حوالے سے سری لنکا پہلے ہی کافی تنقید کی زد میں تھا مگر فائنل کیلیے ایک بار پھر ویسا ہی ٹریک تیار کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |