کراچی ناموس مصطفی ؐ مارچ امریکی سفیر کی ملک بدری اور گستاخ کو پھانسی دینے کا مطالبہ

یہ اسلام اورکفرکی جنگ ہے،حکومت صرف بیانات سے مسلمانوں کاغم وغصہ کم نہیںکرسکتی،اسداللہ بھٹو


Staff Reporter October 08, 2012
کراچی: جماعت اسلامی کے تحت ناموس مصطفی ؐ مارچ کے شرکا سے اسد اللہ بھٹو خطاب کررہے ہیں،محمد حسین محنتی بھی موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ ناموس مصطفی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مطالبہ کیاہے کہ امریکی سفیرکوملک بدرکیاجائے۔

گستاخ رسول کوپھانسی دی جائے،امریکانے فلم پرپابندی عائدنہ کی تو عوام اسلام آبادتک بھی مارچ کرسکتے ہیں،توہین رسالت پر مبنی فلم کیخلاف مزارقائدسے تبت سینٹر تک ناموس مصطفیؐ مارچ میں ہزاروں افرادنے شرکت کی۔مارچ کی قیادت جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے کی۔ مارچ میں طلبہ، اساتذہ، وکلا، علما،مزدور، تاجر، صنعتکار، ڈاکٹرز، انجینئرزاورمسیحی برادری سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افرادنے شرکت کی۔

ہزاروں شرکانے اپنے ماتھے پر ''اللہ اکبر'' کی پٹیاں اورہاتھوں میں ''حرمت رسولؐ پر جان بھی قربان ہے'' کے کتبے اٹھارکھے تھے۔ مارچ کے شرکاسے جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسداللہ بھٹو،کراچی کے امیرمحمدحسین محنتی،سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امراحافظ نعیم،نصراللہ شجیع اور دیگر نے خطاب کیا۔اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کیلیے پوری امت مسلمہ متحدہے،پاکستان کے عوام بھی بیدارہیں مگرہمارے صدر اور وزیراعظم صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلارہے ہیں،قوم کا مطالبہ ہے کہ امریکی سفیرکوناپسندیدہ قرار دے کرملک بدر کیاجائے اور گستاخ رسولؐ کو پھانسی دی جائے،ملک اور امت کے دشمنوں کوتحفظ فراہم کیا جارہاہے اور عاشقان مصطفیؐ پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں،غلامان مصطفیؐ کایہ مارچ غلامان امریکاکیلیے ریفرنڈم ہے۔

یہ اسلام اور کفر کی جنگ ہے ایک طرف امریکا ڈرون حملے کررہا ہے اور دوسری جانب نبیؐ کی ناموس پر حملے کیے جارہے ہیں حکومت بین الاقوامی سطح پرتوہین رسالتؐ کے حوالے سے قانون بنانے کیلیے اقدامات کرے امریکی حکومت فلم کے اجراپرصرف بیانات دے کر مسلمانوں کے غصے کو کم نہیں کرسکتی۔ محمدحسین محنتی نے کہاکہ مغرب میں قرآن اورنبی اکرمؐ کی شان میں مسلسل گستاخی کی جارہی ہے ' کبھی توہین آمیز خاکے اور فلم بنائی جاتی ہے یہ سب کچھ مسلمانوں کومشتعل کرنے کیلیے کیا جارہا ہے مگرمسلمانوں نے بھی ثابت کردیاکہ وہ اپنی جانیں نچھاور کردیں گے مگرنبیؐ کی حرمتؐ پرآنچ نہیں آنے دیں گے،امریکا نے فلم پرپابندی عائد نہ کی توہم اسلام آبادتک مارچ بھی کرسکتے ہیں۔

کسی کو گستاخی کی اجازت نہیں دی جائے گی،شخصی آزادی کا یہ مطلب نہیںکہ مسلمانوں کے جذبات کومجروح کیاجائے، عالمی برادری اوراقوام متحدہ انبیائے کرام کی شان میں گستاخی کے حوالے سے قانون سازی کرے۔نسیم صدیقی نے کہاکہ شہریوں نے سڑکوں پرنکل کرثابت کردیاکہ وہ ناموس مصطفیؐ پرجان قربان کرنے کوتیارہیں،مسلمان کسی کو بھی شخصی آزادی کے نام پرحرمت رسولؐ کوپامال کرنیکی اجازت نہیں دیںگے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ مغرب نے اپنے اقدامات سے پوری دنیا کا امن دائوپرلگادیاہے،توہین آمیزفلم بناکرمسلم دشمنی کاثبوت دیاگیاہے۔

نصراللہ خان شجیع نے کہا ہے کہ امریکانے مسلمانوں کے اساس پرحملہ کیاہے قرآن اورناموس رسالتؐ ہمارے ایمان کاحصہ ہے وہ ہمارے عشق کے مرکز کوکمزور کرنا چاہتاہے مگر دنیاکے 2 ارب مسلمان آج بھی حرمت رسولؐ پر جان نچھاور کرنے کو تیارہیں۔ناموس مصطفیؐ مارچ کے موقع پرجماعت اسلامی کے دیگر رہنما عبدالغفارعمر،برجیس احمد،سید محمد اقبال،لئیق خان،حمید اللہ خان ایڈووکیٹ، یونس بارائی ،مسلم پرویز، یونس سوہن خان ایڈووکیٹ اوردیگربھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں