پروٹیز پر کیوی پیس اٹیک کی ہیبت طاری

ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے کے لیے سخت دباؤ میں بہترین پرفارمنس دینا ہوگی، ڈیوڈ ملر


Sports Desk March 23, 2015
’’چوکرز‘‘ کی پہچان رکھنے والی جنوبی افریقی ٹیم اب تک 3بار ورلڈکپ سیمی فائنل میں شکست کا منہ دیکھ چکی ہے۔ فوٹو: فائل

ورلڈکپ سیمی فائنل سے قبل پروٹیز پر کیوی پیس اٹیک کی ہیبت طاری ہے، جارح مزاج بیٹسمین ڈیوڈ ملر کا کہنا ہے کہ پہلے 10اوورز میں تباہی کے امکانات کم سے کم کرنے کی کوشش کرینگے، ورلڈکپ اپنے نام کرنے کیلیے سخت دباؤ میں بہترین پرفارم کرنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق ''چوکرز'' کی پہچان رکھنے والی جنوبی افریقی ٹیم اب تک 3بار ورلڈکپ سیمی فائنل میں شکست کا منہ دیکھ چکی ہے، پروٹیز نے سری لنکا کو ہرا کر کسی بھی میگا ایونٹ کا ناک آؤٹ مرحلہ عبور کیا ہے،جارح مزاج بیٹسمین ڈیوڈ ملر کا کہنا ہے کہ ہم کسی نامعلوم حریف کا سامنا کرنے کیلیے سفر پر چل نکلے ہیں، کیویز کیخلاف سیمی فائنل میں فتح کے چند روز بعد ورلڈ چیمپئن ہونگے جس کیلیے بھارت یا آسٹریلیا میں سے کس کو زیرکرنا ہوگا، ابھی نہیں جانتے، میچ میں جیت کیلیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی اپنے کیریئرز میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھنے کے بعد یہاں تک پہنچے ہیں،ہم نے تمام تیر اپنے ترکش میں سجا رکھے ہیں، اب ایک بڑا کارنامہ کردکھانے کا موقع ملا ہے تو بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کیوی پیسرز ابتدائی 10اوورز میں ہی حریف بیٹنگ کی ناک میں دم کردیتے ہیں،اننگز کے آغاز میں تباہی کے امکانات کم سے کم کرنے کی پوری کوشش کرینگے، ٹائٹل کے حصول کیلیے کوشاں دونوں ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا، تاہم سخت دباؤ میں بھی عمدہ پرفارم کرنے کیلیے جوش اور جذبے کیساتھ اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے، اس میدان پر پاکستان کیخلاف ایک میچ کھیل چکے ہیں، پچ اورکنڈیشنز کا بہتر اندازہ ہونے کی وجہ سے اچھی کارکردگی دکھانے کیلیے اعتماد ملے گا، اپنے کیریئرکا پہلا ورلڈکپ کھیل رہا ہوں، اس کو یادگار بنانے کیلیے کچھ کردکھانا چاہتا ہوں، شارٹ گیندوں کو باؤنڈری کے پار بھیجنے کی پریکٹس کرلی، امید ہے کہ اسٹریٹ پر چند چھکے جڑنے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں