7 کا ہندسہ نیوزی لینڈ کے لیے خوش قسمت ہوگا

کیوی ٹیم ورلڈ کپ میں 6 بار سیمی فائنلز تک محدود رہی، 2 بار پاکستان نے پیشقدمی روکی


Sports Desk/AFP March 23, 2015
اولڈ ٹریفورڈ پر1999 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو پاکستان کے ہی ہاتھوں 9 وکٹوں سے مات ہوئی تھی۔ فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کو 7 کے ہندسے سے خوش قسمتی کی امید ہے، ورلڈ کپ میں منگل کو انھیں 7ویں سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے مقابلہ درپیش ہے، اس سے قبل 6 سیمی فائنلز میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کو ورلڈ کپ کے اپنے ساتویں سیمی فائنل سے خوش قسمتی کی امید ہوگی، منگل کے اس لاسٹ 4 میچ میں انھیں جنوبی افریقہ کا سامنا ہے، اس سے قبل کے تمام 6 سیمی فائنلز میں انھیں شکست نصیب ہوئی تھی،1975 میں اوول کے مقام پر اپنے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ویسٹ انڈیز نے 5وکٹ سے ہرادیا تھا، کیویز پہلے بیٹنگ کرکے 158 رنز پر ڈھیر ہوگئے تھے، جواب میں کیریبینئز نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔ 1979 میں اولڈ ٹریفورڈ پر انگلینڈ کے 221 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں نیوزی لینڈ 9 وکٹ کے نقصان پر 212 رنز ہی بناسکی تھی۔ 1992 میں آکلینڈ میں نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں پر 262 رنز اسکور کیے تھے جس میں مارٹن کرو کے 91 اور کین رتھرفورڈ کی ففٹی شامل تھی۔

جواب میں پاکستان نے انضمام الحق کے 60 اور جاوید میانداد کے ناقابل شکست 57 کی مدد سے مقررہ اوورز میں 6 وکٹیں گنواتے ہوئے 264 رنز بناکر کیویز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔ اولڈ ٹریفورڈ پر1999 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو پاکستان کے ہی ہاتھوں 9 وکٹوں سے مات ہوئی تھی، کیویز نے 241 پر 7 وکٹوں کا سودا کیا تھا، پاکستان کی اننگز سعید انور کے ناقابل شکست 113 اوروجاہت اللہ واسطی کے 84 رنز سے مزین تھی۔ سعید اور وجاہت کی پہلی وکٹ کی شراکت میں 194 رنز بنے تھے، 2007 کنگسٹن میں نیوزی لینڈ 208 (مرلی دھرن 4/31) سری لنکا 289/5 (جے وردنے 115 ناٹ آؤٹ، تھارنگا 73) سے 81 رنز سے ہار گئی تھی۔ 2011 میں آر پی ایس کولمبو پر نیوزی لینڈ 217 ایک مرتبہ پھر سری لنکا 220/5 سے 5 وکٹوں سے زیر ہوگئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں