کرایے داروں کے کوائف پولیس کے پاس جمع کرانا لازمی قرار

ہرمالک مکان کی یہ ذمےداری ہےکہ وہ اپنے ہاں مقیم ہرکرایے دار کےبارے میں تمام معلومات پولیس کوفراہم کرے، ڈی آئی جی ویسٹ


Raheel Salman March 23, 2015
ریسٹ ہاؤسز اور گیسٹ ہاؤسز کے مالکان کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں ٹھہرنے والے تمام مسافروں کے کوائف3 گھنٹے کے اندر متعلقہ تھانے میں جمع کرائیں، ڈی آئی جی ویسٹ۔ فوٹو: فائل

نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس کی کارروائیوں میں تیزی آگئی، کرایے داروں کے کوائف پولیس کے پاس جمع کرانا لازمی قرار دے دیا گیا جبکہ ریسٹ ہاؤسز کے مالکان کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں ٹھہرنے والے تمام مسافروں کے کوائف سے علاقہ پولیس کو آگاہ کریں، لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر بھرپور کارروائی کی جائے گی، ضلع غربی میں جرائم کا بڑی حد تک خاتمہ کردیا گیا ہے، شہریوں میں تحفظ کا احساس پیدا کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی ویسٹ کیپٹن رٹائرڈ طاہر نوید نے اتوار کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس کام کررہی ہے، پلان کے 20 میں سے 8 نکات پولیس کے تحت ہیں، پولیس و رینجرز مل کر کام کررہے ہیں، محدود وسائل میں زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں حکومت نے 3 آرڈیننس منظور کیے ہیں جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کو مزید قانونی تحفظ مل گیا ہے، پریس کانفرنس کے بعد ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر نوید نے بتایا کہ ٹیننسی ایکٹ کے تحت اب پولیس نے کام کا آغاز کردیا ہے۔

پورے شہر میں کرایے داروں کے کوائف پولیس کے پاس جمع کرانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، ہر مالک مکان کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ اپنے ہاں مقیم ہر کرایے دار کے بارے میں تمام معلومات پولیس کو فراہم کرے، اس کے علاوہ ریسٹ ہاؤسز اور گیسٹ ہاؤسز کے مالکان کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں ٹھہرنے والے تمام مسافروں اور دیگر حضرات کے کوائف3 گھنٹے کے اندر متعلقہ تھانے میں جمع کرائیں یا ایس ایچ او کو بذریعہ ٹیلی فون مطلع کریں، اس کا مقصد ہر ایک کی معلومات پولیس کے پاس ہونا لازمی ہے، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ۔

ایکٹ کے تحت بھی پولیس کارروائی کرے گی، اس موقع پر ایس ایس پی ویسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ 118 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا گیا، 35 ملزمان پولیس مقابلوں میں ہلاک اور 40 زخمی ہوئے، 157 کلو گرام دھماکا خیز مواد اور 200 سے زائد مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیے گئے، ایس ایس پی سینٹرل نعمان صدیقی نے بھی رواں برس اب تک کی کارکردگی کے بارے میں بتایا کہ نارتھ ناظم آباد سے گرفتار ٹارگٹ کلر ہاشم سے برآمد اسلحے کی فارنسک رپورٹ موصول ہوگئی جس کے تحت اس کا اسلحہ دیگر کئی وارداتوں میں بھی استعمال ہوا، سمن آباد میں 2 پولیس اہلکار، شارع نور جہاں میں ایک پولیس اہلکار، لیاری میں 8 افراد، شاہ لطیف ٹاؤن میں 2 جبکہ طارق روڈ پر ایک فرقہ ورانہ قتل میں اسلحہ استعمال کیا گیا، ہاشم کا تعلق القاعدہ سے ہے اور وہ افغانستان میں تربیت حاصل کرچکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں