جنوبی افریقا کو شکست دے کر نیوزی لینڈ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 84 جبکہ میککلم نے 59 رنز کی اننگز کھیلیں۔


ویب ڈیسک March 24, 2015
جنوبی افریقا کی جانب سے فاف ڈوپلیسی نے 82 جب کہ ڈویلیئرز نے 65 رنز کی اننگ کھیلی۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے جارہے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیئے گئے 298 رنز کا ہدف مقررہ اوورز سے ایک گیند پہلے حاصل کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی کی جانب سے کپتان برینڈن میککلم نے جارحانہ آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی جسے بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے مکمل کیا۔ گرانٹ ایلیٹ نے 84 رنز کی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی جب کہ میککلم نے 59 اور کورے اینڈرسن نے 58 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردارادا کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مورنی مورکل نے 3 جب کہ جے پی ڈومنی اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ سود مند ثابت نہ ہوا اور ہاشم آملہ 21 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ کوئنٹن ڈی کوک بھی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فاف ڈوپلیسی اور روسو نے جنوبی افریقی ٹیم کو تھوڑا سنبھالا دیا تاہم روسو بھی 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ایک موقع پر جنوبی افریقا کے 114 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے لیکن اے بی ڈویلیئرز نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور 38 اوورز میں 216 رنز پر پہنچا دیا۔ جب بارش کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا ڈوپلیسی اپنے اسکور میں اضافہ کئے بغیر 82 پر ہی آؤٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ ملر نے 18 گیندوں پر برق رفتار 49 رنز اسکور کئے جب کہ ڈویلیئرز نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا نے مقررہ 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے لیکن ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 298 رنز کا ہدف ملا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن نے 3 جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹ حاصل کئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔