تمام مسائل پر سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں وزیراعظم

سیاسی جماعتوں کے درمیان غلط فہمیوں کو مذاکرات کے ذریعے دور کریں گے، وزیراعظم


ویب ڈیسک March 24, 2015
تحریک انصاف کا جوڈیشل کمیشن پر اتفاق خوش آیند ہے، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو:فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قومی معاملات سمیت مسائل پر سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے درمیان قومی معاملات پرعدم اتفاق کے تاثر کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی، اعتزاز احسن، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ اور فنکشنل لیگ کے صدرالدین راشدی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے شرکت کی، اس موقع پر نواز شریف نے شرکا کو جوڈیشل کمیشن سے متعلق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدے پر اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا جوڈیشل کمیشن پر اتفاق خوش آیند ہے جب کہ حکومت نے 13 اگست 2014 کو جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا تھا۔

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی معاملات اور مسائل پر سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور ان کے درمیان قومی معاملات پرعدم اتفاق کے تاثر کو ختم کرنا چاہتے ہیں جب کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کو مذاکرات کے ذریعے دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش توانائی کے مسائل، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔

بعدازاں وزیراعظم سے مشرق وسطی سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے وفد نے بھی ملاقات کی جس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی ، انتہاپسندی اور توانائی کے بحران سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے، ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں اور وہ پوری بہادری کے ساتھ جنگ لڑرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصراورٹارگٹ کلرز کے خلاف آپریشن کے بعد سے شہر کی سیکیورٹی صورتحال قابل اطمینان ہے جب کہ اسٹریٹ کرائم، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں