یوم پاکستان تقریب میں شرکت شدید تنقید پروزیرمملکت وی کے سنگھ کی استعفے کی پیشکش

حکومت کے کہنے میں تقریب میں شرکت کی جو سفارتکاری کا حصہ ہے، جنرل (ر) وی کے سنگھ


ویب ڈیسک March 24, 2015
حکمران جماعت پاکستان کے معاملے پر دوہرے معیار کا شکار ہے،اپوزیشن رہنما منیش تیواری۔ فوٹو:فائل

بھارتی سابق آرمی چیف اور وزیرمملکت وی کے سنگھ کی گزشتہ روز یوم پاکستان تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا اور اپوزیشن جماعت کانگریس نے انہیں آڑے ہاتھوں لینا شروع کردیا جس کے بعد وے کے سنگھ نے اپنے عہدے سے استعفے کی پیشکش کردی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرمملکت وی کے سنگھ نے گزشتہ روز پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقد یوم پاکستان تقریب میں شرکت کی تھی جس پر اپوزیشن جماعت کانگریس اور بھارتی میڈیا کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب کہ وی کے سنگھ یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سے متعلق کئی بار وضاحتیں بھی پیش کرچکے ہیں جس کے باوجود اپوزیشن جماعت کی جانب سے انہیں ہدف تنقید بنایا جارہا ہے۔ اپوزیشن رہنما منیش تیواری نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ حکمران جماعت پاکستان کے معاملے پر دوہرے معیار کا شکار ہے جب کہ ماضی میں بی جے پی کے رہنما پاکستان کی کسی بھی تقریب میں شرکت کے مخالف رہے ہیں۔

اس سے قبل اپنے ٹوئٹرپیغام میں وی کے سنگھ نے کہا کہ دہلی میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب میں حکومت کے کہنے پر شرکت کی جو کہ سفارت کاری کا حصہ تھا جبکہ ماضی میں دارالحکومت میں موجود دیگر ممالک کے سفارتخانوں میں بھی تقاریب میں حکومتی نمائندے شرکت کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یوم پاکستان کی تقریب میں سابق بھارتی آرمی چیف اور وزیرمملکت نے سفید شیروانی اور سبز رنگ کی واسکٹ پہن کر شرکت کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔