امیر قطر کا دورہ پاکستان

پاکستان اور قطر نے توانائی، دفاع، افرادی قوت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔


Editorial March 25, 2015
پاکستان قطر میں جاری معاشی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اور حکومت کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ فوٹو : اے پی پی

پاکستان اور قطر نے توانائی، دفاع، افرادی قوت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جب کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے کہا ہے کہ پاکستانی ماہرین اور افرادی قوت کے لیے دروازے کھلے ہیں، گزشتہ روز امیر قطر دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے۔

واضح رہے قطر خلیج عرب کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ریاست ہے جس نے اپنی تیز رفتار ترقی اور کامیاب سفارتکاری کی بدولت 2022ء کے فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ لہذا اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کے لیے اسے بھاری افرادی قوت اور ماہرین کی ضرورت ہو گی جس میں پاکستانیوں کو ترجیح دی جا سکتی ہے۔

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ امیر قطر کے دورہ سے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں بالخصوص توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انھوں نے قطر کو دنیا کا پرکشش ملک بنانے کے لیے امیر قطر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطر کی ترقی انتہائی شاندار اور برادر ملک کے طور پر ہمارے لیے فخر کا باعث ہے۔

امیر قطر کے دورے کا اسی طرح انتظار تھا جیسا کہ ایک بھائی کو دوسرے بھائی کا ہوتا ہے۔ پاکستان تمام شعبوں میں قطر کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کا دو طرفہ تجارتی حجم سالانہ 30 کروڑ ڈالر تک بھی نہیں پہنچ سکا جسے بہت زیادہ بڑھانے کی گنجائش موجود کیونکہ ہماری حقیقی صلاحیت کہیں زیادہ ہے۔ یاد رہے قطر میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی اپنا روزگار کماتے ہیں جن کی ترسیلات زر پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں قابل قدر حیثیت رکھتی ہیں۔

امیر قطر نے کہا کہ میرا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت ہے، پاکستانی ماہرین اور افرادی قوت کے لیے قطر کے دروازے کھلے ہیں۔ پاکستان کی حکومت کے لیے قطر کی ترقی ایک مثال ہونی چاہیے۔ قطر نے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کیا ہے اور وہ مشرق وسطیٰ کے خوشحال اور تجارتی ممالک میں اوپری درجے پر ہے، پاکستان قطر میں جاری معاشی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اور حکومت کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں