فرعون کی طرح الطاف حسین کا وقت بھی قریب آگیا ہے عمران خان

عوام تیاری کرلیں 2015 انتخاب کا سال ہے کیوں کہ جلد ہی گو نواز گو ہونے والا ہے،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک March 25, 2015
نواز شریف اور آصف زرداری اوپر سے لڑتے ہیں اور اندر سے بھائی بھائی ہیں ،عمران خان فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فرعون کی طرح الطاف حسین کا وقت قریب آگیا ہے اور وہ الطاف حسین کو شکست دینے کے لئے اگلا جلسہ کراچی میں کرنے جارہے ہیں۔

میر پور آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ انہیں جلسے میں عوام کو دیکھ کر الطاف حسین کا جلسہ یاد آگیا، جس میں لوگوں کو زبردستی لایا جاتا ہے، الطاف حسین لندن سے ٹیلی فون پر تقریر کرتے ہیں اور ان کے جلسے میں زندہ لاشیں بیٹھی ہوتی ہیں جو ڈرتے ہیں کہ اگر نہ ہنسے تو کوئی انہیں گولی ماردے گا۔ فرعون کی طرح الطاف حسین کا وقت قریب آگیا ہے اور وہ الطاف حسین کو شکست دینے کے لئے اگلا جلسہ کراچی میں کرنے جارہے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اوپر سے لڑتے ہیں اور اندر سے بھائی بھائی ہیں لیکن اب وہ ان دونوں کی پارٹنر شپ کو توڑ چکے ہیں، جلد ہی گو نواز گو ہونے والا ہے کیونکہ جوڈیشل کمیشن بننے والا ہے جس میں ہم ثابت کردیں گے کہ ان کا مینڈیٹ جعلی ہے، عوام تیاری کرلیں 2015 انتخاب کا سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا جارہا ہے، بڑے بڑے سیاست دان اپنی دولت باہر لے جارہے ہیں، اس وقت ملک سے باہر سب سے زیادہ دولت نواز شریف اور آصف زرداری کی ہے، اس لئے عوام ان سیاسی جماعتوں کو ہر گز ووٹ نہ دیں جن کی دولت اس ملک میں نہ ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔