دفاعی چیمپئن بھارت اور آسٹریلیا آج سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گے

آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔


ویب ڈیسک March 25, 2015
آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔ فوٹو:فائل

دفاعی چیمپئن بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا جب کہ فاتح ٹیم 29 مارچ کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں مدمقابل ہوگی۔ سیمی فائنل میں کامیابی کے لئے دونوں ٹیموں کی جانب سے بھرپور پریکٹس کی گئی۔ کینگروز الیون نے پریکٹس سیشن کے دوران فٹبال کھیلی اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی جب کہ بھارتی بلے بازوں نے آسٹریلین پیسر کے باؤنسر کا سامنا کرنے کے لئے بیٹنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔

بھارتی اوپننگ بلے باز روحت شرما نے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لئے تیار ہیں اور تمام کھلاڑی پرجوش ہیں تاہم ہر کوئی خوف کی بات کرتا ہے لیکن ہمیں کوئی خوف نہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل سہہ فریقی سیریز میں بدترین شرکت کے سوال پر روحت شرما کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کی نظر ماضی کی شکستوں کو بھلا کر ورلڈ کپ حاصل کرنے پر مرکوز ہے جب کہ سہہ فریقی سیریز میں جو کچھ ہوا اسے دہرانا نہیں چاہتے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2011 کے سیمی فائنل میں بھی بھارت اور آسٹریلیا مدمقابل آئے تھے تاہم اس وقت کے کپتان رکی پونٹنگ الیون کو دھونی الیون کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔