افغان صدارتی محل کے قریب خودکش حملے میں 7افراد ہلاک اور 22 زخمی

خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری کار کو دھماکے سے اڑادیا

افغان صدارتی محل کے قریب ہی وزارت دفاع کا مرکزی دفتر اور ضلعی پولیس ہیڈ کوارٹر بھی واقع ہے، فوٹو:اے ایف پی

افغان صدارتی محل کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ کابل کے وسط میں واقع ضلع مراد خانی میں پیش آیا جہاں افغان صدارتی محل کے قریب ایک خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری کار کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔


ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان صدارتی محل کے قریب ہی وزارت دفاع کا مرکزی دفتر اور ضلعی پولیس ہیڈ کوارٹر بھی واقع ہے تاہم دھماکے کے نتیجے میں ان عمارتوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا جب کہ دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے افغانستان میں مزید قوت کے ساتھ بڑے حملے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کےبعد کابل سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
Load Next Story