عامر خان سمیت نائن زیرو سے گرفتار دیگر افراد سے تفتیش کیلیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل

جے آئی ٹی میں پولیس، رینجرز، ملٹری انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو اور آئی ایس آئی کے نمائندے شامل ہوں گے،محکمہ داخلہ


ویب ڈیسک March 26, 2015
رینجرز نے 11 مارچ کی صبح ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر کارروائی کرکے دیگر افراد کے ساتھ عامر خان کو بھی حراست میں لیا تھا، فوٹو:آن لائن/فائل

ایم کیوایم کے رہنما عامر خان سمیت نائن زیرو سے گرفتار دیگر افراد سے تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیوایم کے رہنما عامر خان سمیت نائن زیرو سے گرفتار کیے جانےوالے 29 دیگر افراد سے تفتیش کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق جے آئی ٹی میں پولیس، رینجرز، ملٹری انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو اور آئی ایس آئی سمیت دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے جب کہ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کے احکامات بھی متعلقہ اداروں کو موصول ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ رینجرز نے 11 مارچ کی صبح ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر کارروائی کرکے دیگر افراد کے ساتھ عامر خان کو بھی حراست میں لیا تھا جنہیں بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے تمام افراد کو 90 روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں