پاکستان افغانستان سے بہتر تعلقات کیلیے خارجہ پالیسی بدلے عبداللہ عبداللہ

اگرپاکستان دہشتگردی کےخلاف حکمت عملی تبدیلی کردےتودونوں ممالک کےدرمیان دوستی کی فضا قائم ہوسکتی ہے،عبداللہ عبداللہ


News Agencies March 28, 2015
طالبان تشدد ترک کر دیں، اسلحہ پھینک دیں اور انسانی حقوق کی پاسداری کریں تو ان سے بھی بات چیت ہو سکتی ہے، عبداللہ عبداللہ۔ فوٹو: فائل

افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ افغانستان سے بہتر تعلقات کیلیے پاکستان اپنی خارجہ پالیسی بدلے، امریکا اور افغانستان کے تعلقات نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں جس کے مستقبل میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

وائس آف امریکا کے پشتو ٹی وی آشنا کو انٹرویو میں افغان امریکا تعلقات میں آنے والی حالیہ بہتری ایک اہم پیش رفت ہے جس کے مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون پر دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔ واشنگٹن میں ہیرٹیج فاؤنڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے بہتر تعلقات کے امکانات روشن ہیں مگر پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں تبدیلی لانا ہوگی۔ افغانستان کو صرف دہشت گردی کا چیلنج در پیش ہے اگر پاکستان دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی تبدیلی کردے تو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی فضا قائم ہوسکتی ہے۔ طالبان تشدد ترک کر دیں، اسلحہ پھینک دیں اور انسانی حقوق کی پاسداری کریں تو ان سے بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔ انھوں نے اس بات کو مسترد کیا کہ افغانستان میں داعش بڑا خطرہ بن کر سامنے ابھر رہی ہے۔

دریں اثنا افغانستان میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں8 شدت پسند اور2 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبائی حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے صوبہ بدخشاں کے ضلع واردوج میں ایک گاؤں میں آپریشن کیا اور اہم طالبان کمانڈر ملا عابد کو بھی گرفتار کرلیا۔ ادھر صوبہ پکتیکا کے ضلع ماتاخان میں مقامی پولیس کے سربراہ اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ اس دوران سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کا زور دار دھماکا ہوا جس میں مقامی پولیس کے سربراہ سمیت 2 پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں