قومی ایکشن پلان کے آغاز سے اب تک ملک بھر سے 32ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا

727بڑے دہشتگردبھی گرفتارہونیوالوں میں شامل،37مارے بھی گئے،نادراسے 5 کروڑ 94 لاکھ 70 ہزارموبائل سموں کی تصدیق

موبائل فون کمپنیوں نے نادرا کے تعاون سے اب تک مجموعی طورپر 5 کروڑ 94 لاکھ 70 ہزار موبائل سموں کی تصدیق کی۔ فوٹو: پی آئی ڈی

قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے نیشنل ایکشن پلان کے آغاز سے اب تک ملک بھر میں 28 ہزار 826 کارروائیوں کے دوران 32 ہزار347 افراد کو گرفتارکیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کو پیش کی گئی 24 دسمبر 2014 سے مارچ 2015 تک کی معلومات پر مبنی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے پنجاب میں 14ہزار 791، خیبرپختونخوا 6 ہزار 461، سندھ 5 ہزار 517، آزادکشمیر ایک ہزار 394، بلوچستان 84، اسلام آباد 405، گلگت بلتستان 83 اور وفاق کے زیرانتظام علاقوں میں 91 کارروائیاں کی ہیں۔ پنجاب سے 2 ہزار 798، سندھ 6 ہزار 467، خیبرپختونخوا 18ہزار 619، بلوچستان 3 ہزار 483، اسلام آباد 762، آزادکشمیر 9، گلگت بلتستان 30 اور فاٹا سے 179 افراد حراست میں لیے گئے۔


اس عرصے کے دوران 37 دہشت گرد مارے گئے جبکہ گرفتار ہونیوالوں میں بھی 727 بڑے دہشتگرد شامل ہیں۔ 61 مجرموں کی سزائے موت پرعملدرآمد کیاگیا جن میں 47 پنجاب، سندھ 11، خیبرپختونخوا ایک اور آزاد کشمیر میں 2 مجرم شامل ہیں۔ لائوڈ اسپیکر کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 938 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں پنجاب میں 3 ہزار 214، سندھ 176، خیبرپختونخوا 451، بلوچستان 3 اور اسلام آباد میں94 افراد گرفتار کئے گئے۔ نفرت انگیز تقاریر اورمواد کے 887 مقدمات درج کیے گئے۔

ان الزامات میں 918 افراد کو گرفتار اور 70 دکانیں بھی سیل کی ہیں۔ 18 ہزار 855 افغان پناہ گزینوں کو ڈی پورٹ کیاگیا جن میں خیبرپختونخوا 5 ہزار 996، بلوچستان 798، آزادکشمیر 11 ہزار 216، اسلام آباد ایک، گلگت بلتستان 2 اور فاٹا سے 842 افغان گزین شامل ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقوم کی منتقلی کے 64 مقدمات درج کئے اور 83 افراد کو گرفتار کیا جبکہ 10 کروڑ 17 لاکھ روپے برآمد کئے۔

مشتبہ رقوم کی منتقلیوں کے 9 مقدمات درج ہوئے جبکہ 57 منی لانڈرنگ کے مقدمات بھی درج کئے گئے اور50 افراد کو اس الزام میں گرفتارکیا گیا۔ اسٹیٹ بینک نے 10 ارب 10 کروڑ روپے کی رقوم کی حامل 120 بینک اکائونٹس منجمند کیے۔ انسداد دہشتگردی ہیلپ لائن 1717 پر 351 قابل عمل کالز موصول ہوئیں۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر 2237 آپریشن بھی کیے گئے۔ موبائل فون کمپنیوں نے نادرا کے تعاون سے اب تک مجموعی طورپر 5 کروڑ 94 لاکھ 70 ہزار موبائل سموں کی تصدیق کی
Load Next Story