انٹرنیشنل کرکٹ کے 6 ایمپائرز کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف

پاکستان کے انیس صدیقی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے حق میں آنے والے فیصلے کو ماننے کے لئے راضی کر لیں گے۔


ویب ڈیسک October 08, 2012
سری لنکن ایمپائیر سگارا گالیگ 50000 روپے کے عوض پاکستان اور بھارت کے درمیان کیھلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ کی تمام معلومات لیک کرنے کو راضی تھے۔ فوٹو: ایجینسیز

KARACHI: ایک بھارتی ٹی وی کی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ اور سری لنکا پریمیئر لیگ میں 6 ایمپائرز رقم کے عوض غلط فیصلے دینے کو تیار تھے۔

ان ایمپائرز میں پاکستان کے ندیم غوری اور انیس صدیقی، بنگلہ دیش کے نادر شاہ اور سری لنکا کے گامنی دسانائیک، مارس ونسٹن اور سگارا گالیگ شامل ہیں۔

انڈیا ٹی وی کی ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں بنگلہ دیش کے نادر شاہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچز میں غلط فیصلے دینے کے لئے تیار تھے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے کھلاڑی ناصر جمشید نے بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں میچز فکس کئے تھے۔

دوسری ویڈیو میں سری لنکن ایمپائر سگارا گالیگ 50000 روپے کے عوض پاکستان اور بھارت کے درمیان کیھلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ سے قبل پچ، موسم، ٹاس اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے نام بھی لیک کرنے کو راضی ہو گئے تھے۔ سگارا گالیگ اس میچ میں چھوتے ایمپائرکی حیثیت سے شامل تھے۔

سری لنکا کے گامنی دسانائیک نے ویڈیو میں بتایا کہ سری لنکن افسران کو شراب پلا کر کوئی بھی کام با آسانی کرایا جا سکتا ہے۔

پاکستان کے ندیم غوری نے بھی پیسوں کے عوض کچھ بھی کرنے کے لئے حامی بھر لی تھی۔ ندیم غوری 43 ون ڈے انٹرنیشنل اور 14 ٹیسٹ میچز میں ایمپائرنگ کر چکے ہیں۔

پاکستان کے انیس صدیقی بھی بھارت کے حق میں فیصلہ دینے کو راضی تھے، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے حق میں آنے والے فیصلے کو ماننے کے لئے راضی کر لیں گے۔

آئی سی سی نے رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئےبھارتی ٹی وی سے ثبوت کے سلسلے میں رابطہ کر لیا ہے۔

ادھر پاکستانی ایمپائر ندیم غوری نے رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سری لنکن پریمئر لیگ میں شامل نہیں تھے اور پریمئر لیگ کے لئے تمام ایمپائرز سری لنکا سے لئے گئے تھے۔

انڈیا ٹی وی کے ایم ڈی نے کہا کہ رپورٹ سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں