موسیقی زندگی کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے احسن باری

14سال کی عمر سے موسیقی سے وابستہ ہوگیا تھا، شوق دیکھ کر والدین نے ساز لے دیے

سنگیت کبھی ایک جیسا نہیں رہیگا، وقت کے ساتھ ڈھلے گا، راہی بینڈ کے موسیقار کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

ABBOTABAD:
''راہی'' بینڈ کے موسیقار احسن باری کا کہنا ہے کہ موسیقی میرے لیے صرف گانا نہیں ہے، موسیقی میرے لیے ایک تجربہ ہے جس طرح سائنس زندگی تلاش کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے اسی طرح موسیقی بھی زندگی کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔


نمائندہ ایکسپریس کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے احسن باری نے کہا کہ وہ ماہ جون میں موسیقی کا ٹیلنٹ شو شروع کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 14سال کی عمر سے موسیقی سے وابستہ ہوگیا تھا ، خود ساز بجاتا اور گاتا تھا پھر میرے والدین کو محسوس ہوا کہ میرا رجحان موسیقی کی طرف ہے تو انھوں نے مجھے ساز لے کر دیے۔ لوگ اکثر مجھ سے کہتے ہیں کہ تمہارے کام میں مستقل مزاجی نہیں ہے کہ کبھی تم کسی بینڈ میں پرفارم کرتے ہو کبھی تم کسی اور میں کرتے ہو، تو میرا ان سب کے لیے جواب یہ ہے کہ میں انفرادی کام کے اوپر مشترکہ کام کو ترجیح دیتا ہوں، یا یوں کہہ لیں کہ میں مشترکہ آرٹسٹ ہوں۔

میں نے موسیقی کے ہر میڈیم کی کھوج لگائی ہے، گریویٹی اور تال کرشما بینڈ کے ساتھ کام کرچکا ہوں' تھیٹر اور رقص کے لیے موسیقی ترتیب دے چکاہوں' فلم ''میر جان'' کی موسیقی بھی دی ہے جو جلد ریلیز ہوگی۔ موسیقی پر صدیوں پہلے جو کتابیں لکھی گئیں ہیں ان میں کہا گیا تھا کہ ''سنگیت کبھی ایک جیسا نہیں رہے گا، سنگیت وقت کے ساتھ ڈھلے گا''۔ کلاسیکل موسیقی کو نئے انداز میں فیوژن بینڈ، کوک اسٹوڈیو اور دیگر اپنا رہے ہیں۔ ابھی تک وہ موسیقی کی لگ بھگ 100 اقسام کی کھوج لگا چکے ہیں۔
Load Next Story