تنخواہوں کی عدم ادائیگی صدر اور لیاری ٹاؤنز کے ملازمین سراپا احتجاج

تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت تک آگئی ہے


Staff Reporter October 09, 2012
تنخواہ کی عدم فراہمی کے خلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرے کے دوران لیاری ٹائون کے ملازمین ایک ملازم کو خودسوزی سے روک رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر صدر اور لیاری ٹائونز کے ملازمین نے پیر کو بھرپور احتجاج کیا۔

پریس کلب پر احتجاجی دھرنا دیا، اس موقع پر ایک ملازم نے خود سوزی کی کوشش کی اور اپنے آپ کو آگ لگالی تاہم اسے بچالیا گیا، پیر کو دونوں ٹائونز میں مکمل ہڑتال کی گئی اور کام بند رکھا گیا جس کی وجہ سے دونوں ٹائونز میں معمولات ٹھپ ہوکر رہ گئے، صدر ٹائون اور لیاری ٹائون میں گذشتہ دو ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ملازمین سخت مالی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں ، لیاری ٹائون میں ملازمین نے گذشتہ پانچ دن سے کام بند کر رکھا ہے صرف صدر ٹائون میں ملازمین کی تعداد تقریباً ساڑھے تین ہزار ہے جبکہ تنخواہوں کا بجٹ4کروڑ روپے سے زائد ہے، لیاری ٹائون میں ملازمین کی تعداد دو ہزار کے قریب ہے۔

گذشتہ 27 ماہ سے جبکہ صدر ٹائون میں10ماہ سے ملازمین کو اوورٹائم نہیں ملا، دونوں ٹائونز میں فیول کی ادائیگی بھی بند ہے جس کی وجہ سے ٹائون کی گاڑیاں کھڑی ہیں اور مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے، پیر کو دونوں ٹائونز کے ملازمین بڑی تعداد جلوس کی شکل میں کے ایم سی ورکشاپ سے احتجاج کرتے ہوئے پریس کلب پہنچی اور پریس کلب کے باہر دھرنا دیا، اس موقع پر میونسپل ورکرز ٹریڈ یونین الائنس کے قائدین سید ذوالفقارشاہ، کنیز فاطمہ، عنایت اللہ بلوچ اور اشرف اعوان نے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر تین دن میں تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی نہ بنایا گیا تو احتجاج کے دائرہ کار کو بڑھا دیا جائیگا، انھوں نے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت تک آگئی ہے جبکہ بینکوں سے لون لینے والے ملازمین کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انھوں نے کہا کہOZTکی گرانٹ سے جولائی، اگست، ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں بالترتیب 40،35,35 اور30فیصد کٹوتی کی وجہ سے صفائی کا نظام متاثر ہورہا ہے، مظاہرے کے دوران لیاری ٹائون کے ملازم محمد علی نے اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر آگ لگاکر خود سوزی کی کوشش کی، مظاہرین نے آگ کو بجھاکر خود سوزی کی کوشش کو ناکام بنادیا اور اسے اسپتال روانہ کردیا گیا، اس دوران پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم، چیف آفیسر لیاری ٹائون محمد رئیسی مظاہرین کے درمیان آئے اور انھوں نے تین روز کے اندر تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی اور اعلان کیا کہ اگر تین روز کے اندر تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو پھر وہ بھی احتجاج میں شامل ہوجائیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔