بہادرپولیس اہلکار نے بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی

ملزمان فرار ہوتے ہوئے سپاہی کی سرکاری ایس ایم جی بھی چھین کر لے گئے


Staff Reporter October 09, 2012
ملزمان کی جوابی فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ فوٹو: فائل

پولیس اہلکار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان پر کھیل کر گلشن اقبال میں بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی۔

ملزمان کے بینک پر ہلہ بولتے ہی سیکیورٹی گارڈ بینک کے اندر جا چھپا جبکہ سپاہی نے ملزمان پر اندھادھند فائرنگ کردی ، ملزمان کی جوابی فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا ، ملزمان سپاہی کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے،تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدودگلشن اقبال میں حسن اسکوائر فلائی اوور کے قریب قائم حبیب میٹرو پولیٹن بینک میں گذشتہ روز دوپہر میں ہائی روف میں آنے والے 6ملزمان نے بینک میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔

اس دوران بینک پر تعینات عزیز بھٹی تھانے کے سپاہی جمال خان ولد عزیز نے ملزمان پر اپنی ایس ایم جی سے اندھادھند فائرنگ کردی جس سے ملزمان بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور انھوں نے بھی سپاہی پر فائرنگ کردی جس سے وہ ایک گولی گردن اور دوسری بازو میں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا ،2ملزمان نے سپاہی کو قابو کرنے کی بھی کوشش کی اور گتھم گتھا ہوگئے لیکن اہلکار نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے انھیں فرار ہونے پر مجبور کردیا ،ملزمان فرار ہوتے ہوئے سپاہی کی سرکاری ایس ایم جی بھی چھین کر لے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔