شمالی وزیرستان کے متاثرین کی اپنے علاقوں کو واپسی شروع

واپس جانے والے ہر خاندان کو 35 ہزار روپے اور ایک ماہ کا راشن دیا جارہا ہے۔


ویب ڈیسک March 31, 2015
میرعلی اور سپین وام کے متاثرین کی واپسی 10 اپریل سے 13 اپریل تک ہوگی, فوٹو: فائل

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے باعث شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی ان کے آبائی علاقوں میں واپسی کا آغاز ہوگیا ہے۔

شمالی وزیرستان کے کلیئر قرار دیئے گئے علاقوں میں بے گھر افراد کی واپسی کے شیڈول کے تحت شامیری قبائل آج سے 10 اپریل تک جب کہ میرعلی اور سپین وام کے متاثرین کی واپسی 10 اپریل سے 13 اپریل تک ہوگی۔ پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں کلیئر کئے گئے علاقوں میں اب دہشت گرد دوبارہ نہیں آسکتے۔ اس کے علاوہ وہاں تعمیر نو کا کام بھی جاری ہے جس کے تحت وہاں کے عوام کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ پہلے روز 62 خاندانوں کے 219 افراد پاک فوج کی نگرانی میں اپنے آبائی علاقوں کو واپس جارہے ہیں، ہر خاندان کو 35 ہزار روپے اور ایک ماہ کا راشن دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشن کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد اپنے علاقے چھوڑ کر خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکونت پذیر ہیں-

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں