تحریک انصاف کے امیدوار کے دورہ جناح گراؤنڈ کے موقع پر پی ٹی آئی اور متحدہ کے کارکن آمنے سامنے

جناح گراؤنڈ میں ایم کیوایم کے کارکنان نے شدید نعرے بازی کی جب کہ مشتعل افراد نے پی ٹی آئی کے قافلے پر پتھراؤ کردیا


ویب ڈیسک March 31, 2015
ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کو شکست دیں گے اور شہر کو اس سے آزاد کرائیں گے، عمران اسماعیل

KARACHI: تحریک انصاف نےایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب جناح گراؤنڈ میں جلسے کے لیے درخواست ضلعی انتظامیہ کو جمع کرادی جب کہ این اے 246 سے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عمران اسماعیل کے دورہ جناح گراؤنڈ کے موقع پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کردیا جس کےباعث انہیں واپس لوٹنا پڑا۔

تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے 19 اپریل کے جلسے کے لیے درخواست ضلع وسطی کے ڈی سی آفس میں جمع کرائی جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے عزیزآباد کے جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت مانگی گئی ہے، اس موقع پر ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف 19 اپریل کو کراچی میں بھرپور انتخابی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،ہمیں عزیز آباد میں جلسہ کرنے پر کوئی خوف نہیں، ہمارازور ٹوٹا نہیں اور جلسہ جناح گراؤنڈ میں ہی کریں گے جس میں عمران خان بھی شرکت کریں گے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کو شکست دیں گی اور شہر کو اس سے آزاد کرائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا معاملہ کافی حد تک حل ہوگیا ہے اور پی ٹی آئی جلد اسمبلیوں میں لوٹ جائے گی۔

بعد ازاں عمران اسماعیل جناح گراؤنڈ کا دورہ کرنے پہنچے تو ایم کیوایم کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی وہاں پہنچ گئی، اس موقع پر متحدہ اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور شدید نعرے بازی کی گئی جب کہ اس دوران مشتعل افراد نے تحریک انصاف رہنماؤں پر مشتمل قافلے پر پتھراؤ کردیا جس کےنتیجے میں کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دونوں جماعتوں کے کارکنان کی موجودگی میں صورتحال خراب ہونے کے باعث پی ٹی آئی کے رہنما جناح گراؤنڈ سے واپس چلے گئے۔

دوسری جانب کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتےہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیوایم نے کراچی میں دہشت پھیلا رکھی ہے اس کے غنڈوں نے ہم پر حملہ کیا جس کی وجہ سے ہمارے کئی کارکن زخمی ہوئے، تحریک انصاف عزیز آباد واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرائے گی اور متحدہ کے خلاف بھرپور قانون چارہ جوئی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم چاہتی ہے کہ ہم الیکشن سے راہ فرار اختیار کریں لیکن ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ یہ الیکشن کراچی کے لیے بہت اہم ہے اس لیے ہمارے دل میں بھی کوئی خوف نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں