فلمی صنعت کو صحافیوں نے زندہ رکھامصطفی قریشی

سندھ حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ ان لوگوں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے فنڈز مہیا کیے جائیں

کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ارکان اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں، مصطفی قریشی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز فنکار مصطفیٰ قریشی نے کہا ہے کہ فلمی صنعت کو زندہ رکھنے میں شوبز صحافیوں کا کردار بڑا اہم رہا ہے۔

ان ہی کی بدولت دم توڑتی فلم انڈسٹری کو نئی سانسیں نصیب ہوئی ہیں۔ یہ بات انھوں نے عامر مسعود شیخ کی جانب سے پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نواب حسن صدیقی ، محمود احمد خان، مظہر خان، محمد اسلم، رضوان صدیقی، گلوکار رینا عرفان، اسٹار مارکیٹنگ کے چیئرمین واثق نعیم، مزیدار گروپ کے حاجی حنیف خان کے علاوہ نامور فلم اسٹار میرا اور ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی ، صدر عبدالوسیع قریشی، جنرل سیکریٹری پرویز مظہر نے بھی خطاب کیا۔


مصطفی قریشی نے مزید کہا کہ کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ارکان اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں میں سندھ حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ ان لوگوں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے فنڈز مہیا کیے جائیں تاکہ مزید بہتر طریقے سے صحافت اور ثقافت کو پروان چڑھا سکیں۔

فلم اسٹار میرا نے کہا مجھے اس مقام تک پہنچانے میں صحافیوں کا کردار بڑا اہم ہے جلد ہی میں بھی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو استقبالیہ دوں گی۔ آخر میں میزبان کی جانب سے ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی کو ان کی40 سالہ صحافتی خدمات کے اعتراف کے طور پر 40 انچ کی ایل ای ڈی تحفے میں پیش کی گئی۔
Load Next Story