گریڈ ٹو کرکٹ میں عامر نے عمر ایسوسی ایٹس کو فائنل میں پہنچادیا

بارش سے متاثرہ سیمی فائنل میں پیسر کی 6 وکٹیں، کے الیکٹرک اور کے پی ٹی کا میچ ملتوی

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی زد میں آکر آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا شکار رہنے والے محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو میں محمد عامر کی عمدہ بولنگ نے عمر ایسوسی ایٹس کو فائنل میں پہنچادیا، خیابان امین کیخلاف بارش سے متاثرہ سیمی فائنل میں پہلی اننگز کی برتری کام آگئی، لیفٹ آرم پیسر نے 47 رنز کے بدلے 6 وکٹیں اڑائیں۔


کے پی ٹی اور کے الیکٹرک کا میچ خراب موسم کی نذر ہونے کے باعث ملتوی ہوگیا، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں سیمی فائنل کے آخری روز عمر ایسوسی ایٹس نے6 وکٹ پر 276 رنز بنا کرپہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، فہدالحق 89 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، محمد وقاص نے 76 اور علی رضا نے ناقابل شکست 53 رنز بنائے، بابر خان اور ماجد علی نے 3,3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

جواب میں خیابان امین کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 137 پر ڈھیر ہوکر خسارے کا شکار ہوگئی، یوں فائنل کھیلنے کی امیدیں ختم ہوگئیں، اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی زد میں آکر آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا شکار رہنے والے محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، انھوں نے ساڑھے 4 سال بعد پہلے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کو پیش قدمی جاری رکھنے میں مدد فراہم کی، عامر نے صرف47 رنز کے بدلے 6 وکٹیں اپنے نام کیں، بلال آصف نے 3پلیئرز کو آؤٹ کیا۔ دوسری طرف جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں کے الیکٹرک اور کے پی ٹی کا میچ بارش کی نذرہوگیا، تینوں دن ایک بھی گیند نہ پھینکی جا سکی، نئی تاریخوں کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔
Load Next Story