وہ بالی ووڈ سپراسٹارز جو ’’بہترین اداکاری کا فلم فیئر ایوارڈ‘‘ اپنے نام نہیں کرپائے

یہ اسٹارزلائف ٹائم اچیومنٹ اورخصوصی ایوارڈتوحاصل کرپائےلیکن اپنی اداکاری کےبل پربالی ووڈ کاسب سے بڑا ایوارڈنہ جیت پائے

لیجنڈ اداکار دھرمندرا، اکشے کمار، کترینہ کیف، سونم کپور اور گووندا آج تک بہترین اداکاری پر فلم فیئر ایوارڈ نہیں جیت پائے۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ انڈسٹری نے کئی ایسے فنکاروں کو جنم دیا جنہوں نے نہ صرف اپنی اداکاری سے انڈسٹری کو دوام بخشا بلکہ فلمی صنعت کو چار چاند بھی لگائے لیکن ان فنکاروں میں کئی ایسے سپراسٹارز بھی ہیں جو آج تک بہترین اداکاری کا ایوارڈ نہیں جیت پائے۔

بالی ووڈ اداکاروں کی اس فہرست میں پہلا نام لیجنڈ اداکار دھرمندرا کا ہے جنہوں نے ''شعلے''، ''سیتا اور گیتا'' اور ''میرے ہمدم میرے دوست'' جیسی لازوال فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں انہیں بہتری اداکاری کا کوئی فلم فیئر ایوارڈ نہیں ملا تاہم 1997 میں فلمی صنعت کے لئے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ''لائف ٹائم اچیومنٹ'' ایوارڈ سے نوازا گیا۔


100 سے زائد بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کرنے والے مایہ ناز اداکار اکشے کمار بھی سال کا بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوئے تاہم فلم ''اجنبی'' میں ولن کا کردار بہترین طریقے سے نبھانے پر انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلم ''رانجھنا'' اور ''بھاگ ملکھا بھاگ'' سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ سونم کپور بھی اداکاروں کی اس فہرست میں شامل ہیں جنہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد تو کیا گیا لیکن اب تک انہیں یہ ایوارڈ لینے کے لئے اسٹیج پر جانے کا موقع نہیں ملا۔

اب تک فلم فیئر ایوارڈ نہ جیت پانے والے بدنصیب فنکاروں کی فہرست میں چوتھا نام باربی ڈول کترینہ کیف کا ہے جن کی خوبصورتی اور اداکاری کے دنیا بھر میں تو چرچے ہیں لیکن موصوفہ کبھی بھی بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ نہیں جیت سکیں، فلم ''نیویارک'' میں بہترین اداکاری پر انہیں فلم فیئر ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا لیکن وہ سال بھی ان کے لئے خوشی لے کر نہیں آیا۔

1986 میں فلم ''الزام'' سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے مشہور اداکار گووندا نے 140 سے زائد فلموں میں دلوں کو چھو جانے والے کردار نبھائے لیکن 12 بار نامزدگی کے باوجود وہ ایک بار بھی سال کے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم فلم ''حسینہ مان جائے گی'' میں جاندار مزاحیہ کردار نبھانے پر انہیں ''بیسٹ کامیڈین'' اور فلم ''ساجن چلے سسرال'' میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
Load Next Story