اوباما سے ملاقات کیلیے فیملی پورٹریٹ بنایا مصورپرویزبھٹی

فلموں کی پوسٹر سازی کے کام کو ٹیکنالوجی کھا گئی،مصورپرویزبھٹی


پرویز بھٹی امریکی صدر اوباما اور ان کے اہل خانہ کی پینٹنگ کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ فوٹو: محمد عظیم/ایکسپریس

شہر قائد کے سب سے قدیم علاقے لیاری کے مکین بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں،لیاری کو ہمیشہ سیاست کی بھینٹ چڑھایا گیا، مصوری، فٹبال، موسیقی، رقص کے دو طرز'' لیوا '' اور''دو چاپی''، باکسنگ،سائیکلنگ، گدھا گاڑی کی دوڑ اور دنیا بھر میں معروف بینجو سازی لیاری کی پہچان ہیں۔

لیاری کے مصوروں میں ایک نمایاں نام پرویز بھٹی ہے جو نگار سنیما کے کھنڈر میں فن مصوری کو زندہ رکھے ہوئے ہیں،1971 میں مصوری سیکھنے والے پرویز بھٹی نے اب تک لاتعداد تصوراتی اور حقیقی پہلوؤں کواپنے برش کی مدد سے بہترین رنگوں کے امتزاج کے ساتھ قرطاس پر تخلیق کیا ہے ان کی نئی تخلیق کی خاص بات امریکہ کے صدر بارک اوبامہ،بیگم مشعل اوبامہ اور انکی صاحبزادیوں کا مسکراتا فیملی پورٹریٹ ہے، مصور پرویز بھٹی نے ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ''مجھے بارک اوباما سے ملنے کا بہت شوق ہے،میرے دوست آغا نے مجھے مشورہ دیا کہ تم اگر ملنا چاہتے ہو تو انکا پورٹریٹ بنالو، پھر کوئی نہ کوئی ذریعہ ضرور بن جائے گا۔

اوباما کی فیملی پینٹنگ کو بنانے میں مجھے 3 مہینے لگے ہیں، آج تک بے تحاشہ اور لاتعداد پینٹنگز بنائی ہیں، پرویز بھٹی پہلے فلموں کے پوسٹر پینٹ کیا کرتے تھے، انھوں نے اردو،پنجابی،پشتو فلموں کے متعدد پوسٹر بنائے، جن میں سید نور کی ''بہرام ڈاکو''، سنگیتا کی''شیر اعظم''، دیگر فلموں میں''میری پکار''، لونگ دا لشکارا''، ''تیرے پیار میں''، ''کون بنے گا کروڑ پتی''، ''دو بوندپانی''، ''جیدر''،''کالی چرن'' و دیگر متعدد فلمیں شامل ہیں لیکن ان کا یہ کام فلم انڈسٹری کے زوال اور جدیدیت کے باعث اثرانداز ہوا،لیکن فن کب کسی کا محتاج ہوتا ہے،انھوں نے فن مصوری اپنے بچوں میں بھی منتقل کیا،پرویز بھٹی کی 3 بیٹیاں اور4 بیٹے ہیں،ان کے دو بیٹے راہی اور جسارت ان کے ساتھ مصوری کا کام کرتے ہیں جو انکا ذریعہ معاش بھی ہے۔

راہی کی پینٹنگ میں ان کے والد کے کام کا عکس بھی دیکھنے کو ملتا ہے،جبکہ جسارت کی مصوری میں کیلیگرافی اور لینڈ اسکیپ کافی نمایاں ہیں،بھٹی نے کہا ''میری خواہش ہے کہ ملکی سیاستدانوں میں شہید بے نظیر اور فنکاروں میں سلطان راہی کی پینٹنگ بناؤں''،اس سے قبل پرویز بھٹی پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے پورٹریٹ کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ نواز کے کارکنوں کے کہنے پر نواز شریف کی بڑی پینٹنگ بنا چکے ہیں،بھٹی کے اوباما کے فیملی پورٹریٹ کو کھوجنے والا لیاری کا ہی رہائشی ایم ایچ لطیفی ہے، جو ویب سائٹ اورفیس بک پر لیاری کے لوگوں کی تصویری کہانیاں پیش کرتا رہتا ہے۔

دوسری جانب امریکی قونصل خانے کے میڈیا کوآرڈینیٹر مشتاق راجپر نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پرویز بھٹی کی تخلیق کے بارے میں معلوم ہوا ہے ان کے حوالے سے ہم بات چیت کررہے ہیں، جیسے ہی معاملات طے ہوں گے،ہم ان سے رابطہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں