سعودی عرب اور دبئی میں ریت کا طوفان نظام زندگی درہم برہم

ریاض سمیت دیگر علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور، تیز ہواؤں سے سمندر میں طغیانی


Online/INP/staff Reporter April 03, 2015
دبئی میں ریت کے طوفان کے باعث فضا گرد آلود منظر پیش کررہی ہے، جبکہ ٹریفک رواں دواں ہے ۔ فوٹو : فائل

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت متعدد شہروں اور دبئی میں ریت کے شدید طوفان سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جبکہ مواصلات کا نظام متاثر ہونے سے پروازیں اور ٹرینیں بھی لیٹ ہوگئیں۔

ریت کے طوفان کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں، سعودی میڈیاکے مطابق دارالحکومت ریاض سمیت سعودی عرب کے متعدد شہروں میں ریت کے شدید طوفان کے باعث ہرطرف گرد و غبار کی دبیز چادر بچھ گئی اور شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جبکہ اسکولوں کو بند کر دیا گیامواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔

تاہم فوری طور پر بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا، ادھر دبئی میں ریت اور مٹی کے طوفان سے حد نگاہ 200سے 300میٹر تک رہ گئی جبکہ طوفان سے نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا، دبئی اور ابوظبی میں پروازوں کے شیڈول تبدیل کر دیے گئے جبکہ ٹرینوں کی آمد و رفت کو بھی روک دیا گیا، سڑکوں پرٹریفک بھی روک دی گئی، شدید طوفان سے اسکول و دفاتر کو بھی بند کر دیا گیا، دبئی کے محکمہ موسمیات کے مطابق ریت کے طوفان اور شدید ہواؤں کی وجہ سے سمندر میں طغیانی آگئی ہے۔

جس سے قریبی علاقوں میں شہریوں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، علاوہ ازیں مشرقی وسطی کے ممالک میں ریت کے طوفان اور موسم کی خرابی کی وجہ سے ایئرپورٹ پر حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی کراچی سمیت ملک کے دیگر ایئر پورٹس سے جانے والی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں