عام انتخابات سے قبل بلدیاتی الیکشن کراسکتے ہیں قائم علی شاہ

اتحادیوں کے ساتھ مل کربلدیاتی ایکٹ میں ضروری ترامیم کی جائینگی،لوڈشیڈنگ، مسائل جلد حل ہوجائینگے


ایکسپریس July 14, 2012
اتحادیوں کے ساتھ مل کربلدیاتی ایکٹ میں ضروری ترامیم کی جائینگی،لوڈشیڈنگ،امن وامان سمیت دیگر مسائل جلد حل ہوجائینگے۔ قائم علی شاہ۔ فوٹو/ایکسپریس

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی معاملات پر اتحادیوں سے مشاورت ہوگئی ہے، اتحادیوں کے ساتھ مل کربلدیاتی ایکٹ میں عوامی مفادات کو مدنظررکھتے ہوئے ضروری ترامیم کی جائیں گی جبکہ عام انتخابات سے قبل ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کی کوشش کی جائے گی،کورکمیٹی کے اجلاس میں متعدد مسائل حتمی تصفیے تک پہنچ گئے ہیں اوراتحادی مزیدقریب آگئے ہیں۔

یہ بات انھوں نے جمعہ کوکراچی ایکسپوسینٹر میں کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت منعقدہ نویں سالانہ بین الاقوامی ''مائی کراچی '' نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ نے تاجروں کو ملک کا سفیر قراردیتے ہوئے کہا کہ کراچی چیمبر کی جانب سے مائی کراچی نمائش کے مستقل انعقاد کے نتیجے میں اب ان ممالک کے تاجروصنعتکاروں کی بھی آمد ہورہی ہے جو پہلے پاکستان کا رخ نہیں کرتے تھے۔

قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے ،ملک میں نئے ایس ایم ای زونز کے قیام کے علاوہ تجارت پیشہ خواتین اور چھوٹی صنعتوں کی ترقی کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے، عالمی حالات کے تناظر میں خطے کے تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ باہمی تجارت کو فروغ دیں، مائی کراچی نمائش کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان بالخصوص کراچی کے مثبت تاثرکو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی،

انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، امن وامان کے مسائل پر جلد قابو پالیا جائے گا۔صوبائی وزیرتجارت وصنعت رؤف صدیقی نے کہا کہ ترکی کے تعاون سے کوٹری کے صنعتی علاقے میں ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیا جارہا ہے جس کا افتتاح آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں کردیا جائے گا، انھوں نے بتایا کہ ایچ ڈی پی او پائپ لائن کے ذریعے نوری آباد انڈسٹریل زون کو پانی کی فراہمی ایک ہفتے میں شروع کردی جائے گی جبکہ سائیٹ صنعتی علاقے سے متصل افضا الطاف فلائی اوور کا کام 132 یوم کی مختصر مدت میں مکمل کرلیا جائے گا،گزشتہ 9 سال سے کراچی چیمبر کے تحت مائی کراچی نمائش بہترین انداز میں منعقد کی جارہی ہے۔اس موقع پرسندھ انویسٹمنٹ بورڈ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ پاکستان میں توناائی کا بحران ہے تاہم یہ ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،

تھرکول دنیا کا دوسرے نمبر پر سب سے بڑ اکوئلے کا ذخیرہ ہے جہاں پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ممبئی چیمبر کے سابق صدر اور بھارتی وفد کے سربراہ اشوک کماربھرت نے کہا کہ ممبئی اور کراچی دونوں خطے کے بڑے شہر ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹوں کو بات چیت کے ذریعے دور کیا جاسکتا ہے، کراچی چیمبر کے صدرمیاں ابرار احمد نے استقبالی کلمات ادا کرتے ہوئے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سارک بلاک سمیت وسط ایشیاء ترکی اور ایران کی منڈیوں کو تسخیر کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |