دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو چن چن کر ختم کریں گے شہباز شریف

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا


ویب ڈیسک April 03, 2015
پنجاب میں مدارس کی چیکنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام متعلقہ ادارے کوآرڈینیشن کے تحت کام کر رہے ہیں، اجلاس میں بریفنگ فوٹو: ایکسپریس نیوز/ فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں انہیں اور ان کے سہولت کاروں کا چن چن کر خاتمہ کریں گے۔

لاہور میں شہباز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکریٹری، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکریٹری داخلہ سمیت ایپکس کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی، اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں مدارس کی چیکنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام متعلقہ ادارے کوآرڈینیشن کے تحت کام کر رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں حکومتی اقدامات پر غور کرتے ہوئے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں جنہیں ختم کرکے دم لیں گے جب کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل سعودی وفد نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ معاشی تعاون اور توانائی بحران کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں جسے دو طرفہ معاشی تعاون کو فروغ دے کر مزید وسعت دی جا سکتی ہے جب کہ دونوں ممالک کی دوستی اور بھائی چارے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں