عوام تبدیلی کے خواب دکھانے والوں کے فریب میں نہ آئیں نوازشریف

پاکستان کو بے حال کرنیوالی قوتوں کو عوام ووٹ نہ دیں، اپنا حق سوچ سمجھ کر استعمال کریں


INP/Numainda Express October 09, 2012
سمندر پار پاکستانی ملک وقوم کا اثاثہ ہیں انھیں ووٹ کا حق ملنا چاہیے، اٹلی میں خطاب فوٹو : ثناء

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام تبدیلی کے خواب دکھانے والوں کے فریب اور جھانسے میں نہ آئیں۔

آئندہ انتخابات میں سوچ سمجھ کر ووٹ کا حق استعمال کیا جائے، سمند پار پاکستانی ملک وقوم کا اثاثہ ہیں انھیں ووٹ کا حق ملنا چاہیے، انھوںنے ہرمشکل وقت میں ملک کیلیے قربانی دی،حکومت ان کے ووٹ سے متعلق فیصلہ نہیں کر سکی، پیپلز پارٹی جانتی ہے اوورسیز پاکستانی اسے ووٹ نہیں دیتے۔ وہ پیر کو یہاں پاکستانیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے مسائل حل کرنے کیلیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیںکی جس کے باعث آج پاکستان مہنگائی، غربت اورلوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا شکار ہو چکا ہے، عوام ان قوتوں کو ووٹ نہ دیں جنھوں نے پاکستان کو اس حال میں پہنچایا۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے ادوار حکومت میں پاکستان نے بیمثال ترقی کی اور وہاں مہنگائی، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی کا نام ونشان نہیں تھا، ہم نے بے پناہ بیرونی دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو نہ صرف ناقابل تسخیر بنایا بلکہ دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کی عزت اور توقیر میں اضافہ کیا، سمندر پار پاکستانیوں کیلیے گرین چینل کی سہولت کاقیام بھی ہمارا کارنامہ ہے، اگر 12اکتوبر کو ہماری حکومت پر شب خون نہ مارا جاتا تو پاکستان آج ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ حالات تشویشناک ضرورہیں لیکن مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ہمارے پاس ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کا جامع پروگرام موجود ہے جس پر عملدرآمد کر کے پاکستان کو قائداعظمؒ کے ویژن کے مطابق خوددار' خودمختار اور خوشحال بنائیں گے، عوام نے مسلم لیگ(ن) کو اقتدار سونپا تو ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں ایک ڈکٹیٹر نے بندوق کے زور پر اسے ختم کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں