دہری شہریت پر فیصلہ آئین کے مطابق کرینگے فخرالدین ابراہیم

کل اجلا س ہوگا، انتخابات کیلیے تیار ہیں، الیکٹرونک ووٹنگ کیلیے وقت درکار ہوگا


Staff Reporter October 09, 2012
کل اجلا س ہوگا، انتخابات کیلیے تیار ہیں، الیکٹرونک ووٹنگ کیلیے وقت درکار ہوگا ,فوٹو: ایکسپریس

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ دہری شہریت کے مسئلے پر آج الیکشن کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔

جو فیصلہ بھی ہوگا وہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔ سندھ الیکشن کمیشن کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دہری شہریت کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ بھی اس کے مطابق ہوگا۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے تیار ہے لیکن اگر اچھا الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم مل جاتا ہے تو وہ الیکٹرانک ووٹنگ کے لیے بھی تیار ہوسکتے ہیں لیکن اس کے لیے وقت درکار ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں صرف 22 مقامات پر الیکٹرانک ووٹنگ ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امن اوامان کی صورتحال بہتر کر کے اور دھاندلی پر قابو پا کر ہی لوگوں کو ووٹ دینے کی طرف راغب کیا جاسکتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ملک میں بہتر حکمرانی کیلیے ملک کے ہر شہری کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے۔ انھوں نے کہا کہ ا لیکشن میں امن و امان کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے تمام تجاویز زیر غور ہیں۔ اسلام آباد سے نمائندے کے مطابق ووٹ ڈے کے حوالے سے ایک پیغام میں فخرالدین جی ابراہیم نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اس کو محفوظ بنانا ہم سب کی ذمے داری ہے۔

ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا واحد راستہ ہے یہ ہے کہ عوام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی اپنے نمائندوں کے حق میں استعمال کریں۔ عوام اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ عام انتخابات میں ماضی کی طرح ووٹ ڈالنے کی شرح 35سے 45 فیصد کے بجائے آگے بڑھ سکے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 17اکتوبر کو ملک بھر میں ووٹر ڈے منایا جائے گا۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل شروع ہوگیا ہے 17نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |