حکومت پہلے اپنا ملک دیکھے پھر دوسروں کی مدد کا فیصلہ کرے آصف زرداری

عمران خان پارلیمنٹ میں آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر الیکشن کمیشن کو خودمختار بنائیں، سابق صدر


ویب ڈیسک April 04, 2015
نوازشریف پر کوئی مشکل آئی تو ہم ساتھ کھڑے ہوں گے، سابق صدر، فوٹو:ایکسپریس نیوز

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ افغانستان اور پاکستان میں خون بہہ رہا ہے لہٰذا حکومت پہلے اپنے ملک کو دیکھے پھر دیگر ملکوں کی مدد کے بارے میں فیصلہ کرے۔

پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار بھٹو کی برسی کے موقع پر نوڈیرو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ بھٹو نے لکھا تھا کہ میرے جانے کےبعد ہمالیہ روئیں گے، آج ہمالیہ پر لگی آگ سے عالم اسلام کو خطرہ ہے، موجودہ صورتحال اسلامی ملکوں کو لڑانے کی سازش ہے، ہر مسلمان حرمین شریفین کے لیے اپنی جان دے سکتا ہے۔ انہوں ے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں خون بہہ رہا ہے لہٰذا حکومت پہلے ملک کو دیکھے پھر دیگر ملکوں کی مدد کے بارے میں فیصلہ کرے۔

آصف زرداری نے کہا کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاہدے پرعمران خان کومبارکباد دیتے ہیں تاہم دھاندلی روکنے کے لیے جوڈیشل کمیشن کی ٹرمز آف ریفرنس کافی نہیں اس کے لیے پارلیمنٹ میں فیصلوں کی ضرورت ہے لہٰذا عمران خان پارلیمنٹ میں آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر الیکشن کمیشن کو خودمختار بنائیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں حکومت سے بہت گلے شکوے ہیں، ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ہے اور حکومت سے گلہ ہے کہ سندھ میں 18 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ نوازشریف ہمیں بلا کر خود تحفظات کا شکار نہ ہوں اگر ان پر کوئی مشکل آئی تو ہم ساتھ کھڑے ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں