بحریہ ٹاؤن ویمنز اسکواش اعصاب شکن مقابلے کے بعد ماریہ نے ٹائٹل جیت لیا

مہمان خصوصی وائس چیف آف ایئراسٹاف ایئرمارشل سعید ایم خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔


Sports Reporter April 05, 2015
مہمان خصوصی وائس چیف آف ایئراسٹاف ایئرمارشل سعید ایم خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فوٹو : آئی این پی

ماریہ طور نے پہلا انٹرنیشنل ہوم ٹائٹل جیت لیا، بحریہ ٹاؤن پی ایس اے ٹورنامنٹ کے فائنل میں انھوں نے اپنے سے25 درجے بہتر کھلاڑی کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دی۔

مہمان خصوصی وائس چیف آف ایئراسٹاف ایئرمارشل سعید ایم خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد قومی اسٹار نے کہا چیمپئن بننے کی خوشی بیان نہیں کرسکتی، ورلڈ ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سفاری اسکواش کورٹ بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں منعقدہ فائنل میں پاکستانی اسٹار ماریہ طور نے ٹاپ سیڈ جنوبی افریقی سیولی واٹرس کوسخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی۔

ورلڈ رینکنگ میں 58 ویں پوزیشن پر موجود میزبان کھلاڑی نے 46 منٹ تک جاری رہنے والے میچ کے ابتدائی دونوں گیمز11-9ا ور 11-7سے اپنے نام کرتے ہوئے ہوم کورٹ پر پہلے انٹرنیشنل ٹائٹل کی جانب قدم بڑھائے،ورلڈ رینکنگ میں33 ویں نمبر پر موجود جنوبی افریقی حریف سیولی نے اگلے دونوں گیمز11-6 اور 12-10 اپنے نام کرتے ہوئے ماریہ کے ارادوں کو شدید دھچکا لگایا،آخری گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے مابین ایک ایک پوائنٹ کیلیے جنگ ہوئی لیکن قسمت نے پاکستانی اسٹار کا ساتھ دیا اور وہ 12-10سے کامیابی کے ساتھ ملک میں پہلا ورلڈ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔

انھیں ٹرافی کے ساتھ 1444ڈالر کی انعامی رقم ملی، رنراپ سیولی واٹرس988ڈالر کی حقدار ٹھہریں۔ فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماریہ طور نے کہاکہ اپنے وطن میں پہلا عالمی ٹائٹل جیتنے پر بیحد خوش ہوں، ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ میں بحریہ ٹاؤن اور خصوصاً ملک ریاض حسین کی شکرگذارہوں جنھوں نے اتنا خوبصورت ٹورنامنٹ منعقد کرایا اور اس میں پوری دنیا سے لڑکیاں کھیلنے کیلیے آئیں۔

انہوں نے کہاکہ میڈیا اگر اسی طرح کوریج دیتا رہا تو دنیا میں پُرامن پاکستان کا تصور مزید اچھا ہوگا۔ رنرزاپ سیولی واٹرس نے کہاکہ فائنل میں بہترین کھیل پیش کیا لیکن ماریہ کی کارکردگی مجھ سے بہتر تھی اسی لیے وہ فاتح بن گئیں۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان آنے سے پہلے خوف تھا کہ یہاں شاید کچھ سیکیورٹی مسائل ہونگے، عالمی میڈیا پاکستان کی تصویر کچھ اور ہی پیش کرتا ہے لیکن یہاں آکر ایسے لگا جیسے میں اپنے ہی ملک میں ہوں، ہمیں یہاں عالمی معیار کے مطابق بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں۔

اختتامی تقریب میں چیف ایگزیکٹیو بحریہ ٹاؤن کموڈور(ر) محمد الیاس ، جنوبی افریقی ہائی کمشنر، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئرنائب صدر ایئروائس مارشل رضی نواب، سیکریٹری گروپ کیپٹن عامرنواز، ڈائریکٹر پروجیکٹس سفاری کلب سطوت بابر، ٹورنامنٹ چیف آرگنائزر عمران قادراور کوارڈینیٹرقاضی ندیم بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں بحریہ ٹاؤن کے چیف ایگزیکٹیو کموڈور(ر) محمدالیاس نے تمام مہمانوں، میڈیا اور خصوصاً غیرملکی خواتین کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے کہاکہ آئندہ بھی بحریہ ٹاؤن اسکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کے لیے سرپرستی کرتا رہے گا۔ مہمان خصوصی وائس چیف آف ایئراسٹاف ایئرمارشل سعید ایم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک ریاض حسین اور بحریہ ٹاؤن کی تمام انتظامیہ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے، ایسے کامیاب ایونٹ کے انعقاد سے ملکی اسکواش کو فروغ حاصل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں