حج کوٹاکیسوزیرمذہبی امور کیخلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس

مبینہ دہری شہریت پر مشیر پٹرولیم کی اہلیت چیلنج،4 نئی کمپنیوں کو کوٹا جاری کردیا،وکیل

مبینہ دہری شہریت پر مشیر پٹرولیم کی اہلیت چیلنج،4 نئی کمپنیوں کو کوٹا جاری کردیا،وکیل۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطابندیال نے حج کوٹاتوہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر خورشید شاہ اورسیکریٹری مذہبی امورکے خلاف توہین عدالت کے نوٹس واپس لیتے ہوئے کیس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔

۔سرکاری وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ عدالتی حکم پرچار نئی کمپنیوں کو 190حجاج کرام کاکوٹاجاری کرکے تمام قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی۔ عدالت نے سرکاری وکیل کے بیان کے بعدوفاقی وزیرخورشید شاہ اورسیکریٹری مذہبی امورکیخلاف جاری کیے گئے توہین عدالت کے نوٹس واپس لے لیے جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔ نئے حج آپریٹروںکی جانب سے عدالتی حکم کے باوجود کوٹا نہ ملنے پرلاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواستیں دائرکی گئی تھیں جن پر عدالت نے وفاقی مذہبی امورخورشید شاہ کو توہین عدالت کے نوٹس بھی جاری کیے۔


دریں اثنا مشیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین کو مبینہ طور پر دہری شہریت رکھنے پر نااہل قراردینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے روبرو درخواست دائر کردی گئی۔ نوشاب اے خان ایڈووکیٹ کی طرف سے دائرکی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ سپریم کورٹ کے دہری شہریت کیس کے فیصلے کے مطابق کسی بھی دوسرے ملک کی شہریت رکھنے والا شخص قومی اسمبلی اورسینیٹ کارکن نہیں بن سکتا جبکہ ڈاکٹر عاصم حسین نے امریکی شہریت حاصل کر رکھی ہے لہذاعدالت عظمی کے فیصلے کی روشنی میں وہ بطورسینیٹرکام نہیں کرسکتے۔

دریں اثنا وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت سے پہلے صدارتی استثنی کے حوالے سے زیر التوا کیس کا فیصلہ کرنے کیلیے سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی۔ بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائرکی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت عظمی وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت سے پہلے صدر کے استثنی کے متعلق سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کا فیصلہ کرے تاکہ وزیراعظم کے متعلق کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
Load Next Story