کسی کارکن کو کچھ ہوا تو الطاف حسین کے خلاف لندن کی عدالت میں جاؤں گا عمران خان

الطاف حسین کو لندن سے جو کرنا ہے کریں میں اور میرے کارکن تیار ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک April 05, 2015
ایم کیو ایم کے علاقے نو گو ایریاز ہیں جہاں ہر جانب خوف اور دہشت ہے، عمران خان فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ان کے کسی کارکن کو کچھ بھی ہوا تو وہ الطاف حسین کے خلاف لندن کی عدالت میں جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور جمہوریت میں ہر ایک کو کہیں بھی انتخابات میں حصہ لینے کی آزادی ہوتی ہے۔ حلقہ این اے 246 میں انتخاب لڑنا ہمارا حق ہے، ایم کیو ایم کے علاقے نو گو ایریاز ہیں جہاں ہر جانب خوف اور دہشت ہے۔ ہم نے ایم کیو ایم کو جمہوری سیاست کا موقع دیا لیکن انہوں نے منصوبہ بندی کرکے کریم آباد میں ہمارے کیمپ پر حملہ کرایا، ہم نے اپنے کارکنوں کوئی مزاحمت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ الطاف حسین برطانیہ سے لوگوں کو بھڑکا رہے ہیں اور یہ اقدام لندن میں جرم ہے، انہوں نے اپنے وکلا کی ٹیم تیار کرلی ہے، اب اکر کسی کارکن کو کچھ ہوا تو وہ الطاف حسین کے خلاف لندن کی عدالت میں جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کراچی جارہے ہیں اور ہر اس علاقے میں جائیں گے جہاں عمران اسماعیل انہیں لے جائیں گے۔ الطاف حسین کو جو کرنا ہے کریں ہم تیار ہیں کیونکہ وقت آگیا کہ ہم کراچی کے لوگوں کو تشدد ، خوف اور ظلم کی سیاست سے آزاد کریں۔ اس کے بعد وہ کراچی میں جلسہ بھی کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔