تحریک انصاف کے ارکان مستعفی ہیں ان کی موجودگی میں پارلیمنٹ کا اجلاس غیر آئینی ہے فاروق ستار

متحدہ کے ارکان فاروق ستار کے اظہار خیال کے بعد مشترکہ اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے تاہم حکومتی ارکان انہیں منا کر لے آئے


ویب ڈیسک April 06, 2015
اگر استعفیٰ دینے والے آج بھی اپنے نظریئے پر قائم ہیں تو اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کریں، ڈاکٹر فاروق ستار، فوٹو:ایکسپریس نیوز

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان مستعفی ہیں اس لئے ان کی موجودگی میں پارلیمنٹ کا اجلاس غیر آئینی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کےمشترکہ اجلاس میں دوسرے سیشن کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں شرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ارکان کو اسمبلی میں ''اسٹرنجر'' تصور کیے جانا چاہئے، ان ارکان کو بٹھا کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی کیونکہ پارلیمنٹ ایک قانون ساز ایوان ہے اس میں آئین کے تحت استعفیٰ دینے والوں کی نشست خالی ہوجاتی ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا تحریک انصاف کے مستعفی ارکان اسپیکر سمیت ہماری نظر میں اجنبی ہونے چاہئیں اور اجنبی افراد کو اسمبلی میں بیٹھنے کی اجازت دینا سنگین خلاف ورزی ہے جب کہ اگر اجنبیوں کو پارلیمنٹ میں بیٹھنے کی اجازت ہے تو پھر گیلری میں بیٹھے افراد کو بھی ایوان میں آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب آئین کے تابع ہیں، آئین ہمارے تابع نہیں، اگر استعفیٰ دینے والے آج بھی اپنے نظریئے پر قائم ہیں تو اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کریں۔

ایم کیو ایم کے ارکان فاروق ستار کے اظہار خیال کے بعد مشترکہ اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے تاہم اسپیکر نے حکومتی ارکان کو انہیں منا کر ایوان میں لانے کی ہدایت کی جس کےبعد برجیس طاہر اور عبدالقادر بلوچ متحدہ کے ارکان کو منا کر ایوان میں واپس لے آئے۔

اس سے قبل ہی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے پہلے سیشن سے واک آؤٹ کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 64 شق نمبر ایک اور دو واضح ہے، جورکن مسلسل 40 دن غیرحاضر رہے وہ مستعفی ہوجاتا ہے، اگر کوئی استعفیٰ دے دے تو وہ فوری طور پر موثر ہوجاتا ہے۔ ان کی جماعت نے پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے استعفوں سے متعلق آئینی نکتے کی جانب توجہ دلانے کی کوشش کی لیکن اسپیکر نے انہیں بولنے کی اجازت نہیں دی۔ تحریک انصاف کو واپس آنے کی اجازت دینا اسپیکر کا صوابدیدی اختیار نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں