این اے 246 کے انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہونے والی ہے حیدرعباس رضوی

فیصل واڈا کی زبان ایسے چلتی ہے جیسے مینڈکی کو زکام ہوگیا، رہنما ایم کیو ایم


ویب ڈیسک April 07, 2015
تحریک انصاف بتائے کہ اس نے دھرنے میں جو کچھ کیا اس کے پیھچے کیا مقاصد تھے،رہنما ایم کیوایم، فوٹو:فائل

ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا ہے کہ این اے 246 سے عوام کنور نوید کو بھاری مینڈیٹ دینے کے لیے تیار ہیں اس لیے تحریک انصاف اب الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے کیونکہ اس کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہونے والی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدرعباس رضوی کا کہنا تھا کہ فیصل واڈا کی زبان ایسے چلتی ہے جیسے مینڈکی کو زکام ہوگیا، این اے 246 میں تحریک انصاف کی عزت داؤ پر لگی ہے انہیں وہاں کے لیے پولنگ ایجنٹ بھی نہیں مل رہے جب کہ ایم کیو ایم 7 بار اس حلقے سے جیت چکی ہے اور اس بار بھی ہماری فتح یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اشتعال انگیزی قابل مذمت ہے، ہم پر امن انتخابات چاہتے ہیں اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں وہ قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ان کہنا تھا کہ این اے 246 سے عوام کنور نوید کو بھاری مینڈیٹ دینے کے لیے تیار ہیں اس لیے تحریک انصاف اب الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے کیونکہ اس کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہونے والی ہے۔

حیدر عباس رضوی نے کہا کہ تحریک انصاف نے جس پارلیمنٹ کو گالی دی اس میں شرکت کیوں کی، وزیراعظم نے دھرنے سے قبل ہی جوڈیشل کمیشن کی پیشکش کی لیکن اسے کیوں مسترد کیا گیا، پی ٹی آئی نے دھرنے کے دوران وزیراعظم کے استعفے، انتخابی و سیاسی اصلاحات اور سول نافرمانی کی باتیں کیں لیکن وہ سب کہاں گیا، اب تحریک انصاف بتائے کہ اس نے دھرنے میں جو کچھ کیا اس کے پیھچے کیا مقاصد تھے اور یہ کس ڈیل کے تحت پارلیمنٹ میں واپس آئے ہیں۔

اس موقع پر فیصل سبز واری کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مشتعل اور ان کے جذبات کو مجروح کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ہے، آج بینک ڈیفالٹر لوگ گاڑیوں میں بیٹھ کر تبدیلی کا نعرہ لگا رہے ہیں ہم پر امن انتخاب کا انعقاد چاہتے ہیں ورنہ پی ٹی آئی کے الزامات کا جواب دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں