اگر وقت جہاز ہے تو ہم اس کے پائلٹ

تم اور تم جیسے لوگوں کو ٹائم مینجمنٹ سے خدا واسطے کا بیر ہوتا ہے اور الزام دیتے ہیں اپنی مصروفیت کو۔


شاہد محمود April 10, 2015
تمہیں وعدے کا ذرا بھی پاس نہیں اور بھولنے کی عادت میں تم سیاستدانوں سے بھی دو قدم آگے ہو۔

ISLAMABAD: اس بار کافی دنوں بعد حضرت عقل کل تشریف لائے، وہ اپنے آپ کو ہمارا بہترین دوست سمجھتے ہیں۔ ان کے خیال میں اسکول کے زمانے میں ''بہترین دوست'' کے موضوع پر ہم نے جتنے بھی مضامین لکھے تھے وہ دراصل ان ہی کے بارے میں تھے۔ اگرچہ ہم نے ایسا نہ اُس وقت سمجھا تھا اور نہ اب سمجھتے ہیں۔

حسب معمول انہوں نے آتے ہی خوب غصہ جھاڑا اور خوب ناراض ہوئے، کرسی پر ٹکتے ہی بولے، تمہیں وعدے کا ذرا بھی پاس نہیں اور بھولنے کی عادت میں تم سیاستدانوں سے بھی دو قدم آگے ہو۔ میں یہی سمجھا کہ شاید انہیں کوئی 10 سال پہلے کالج کے دور کی کوئی بات آج یاد آئی ہے اس لئے صبح ہی صبح چلے آئے ہیں، خیر میں نے ہمیشہ کی طرح ان کی شکایات پر توجہ نہ دی۔

کچھ دیر مجھے گھورتے رہے پھر بولے، کل صبح میں نے تمہیں فون کیا تھا اور تم نے کہا کہ ابھی مصروف ہوں، تھوڑی دیر میں call back کرتا ہوں۔ میں نے ایک گھنٹہ بعد فون کیا تو بولے بس ابھی فون کرتا ہوں، پھر دوپہر میں میسج کیا تو کہا شام کو بات کروں گا۔

میں نے کہا، ہاں مانتا ہوں کہ میری غلطی ہے لیکن کیا شام میں فون نہیں کیا؟

کیا کہا۔۔۔ شام کو؟ میری بات سن کر اُن کے کان غصے سے سرخ ہو گئے، خدا کے بندے تمہاری شام کیا رات کو بارہ بجے شروع ہوتی ہے؟







میرے پاس ان کی اس بات کا کوئی جواب نہیں تھا۔ میں نے بات ختم کرنے کیلیے ان کو چائے کی آفر کی، بولے چائے ضرور منگواؤ لیکن بات بدلنے کی ضرورت نہیں۔

میں نے کہا، اچھا بات نہیں بدلتا لیکن آپ ہی بتائیں کہ یہاں ہر کوئی یہی کہتا ہے کہ ابھی آیا۔۔۔ ابھی فون کرتا ہوں۔۔۔ شام کو ملوں گا۔۔۔۔ رات کو فون کروں گا وغیرہ وغیرہ۔ جب آپ بہت مصروف ہوتے ہیں تو یہی کہنا پڑتا ہے۔

عقل کل بولے، اس کو مصروف نہیں کہتے، اس کے لئے انگلش کا ایک لفظ mismanagement ہے۔ دراصل تم اور تم جیسے لوگوں کو ٹائم مینجمنٹ سے خدا واسطے کا بیر ہوتا ہے اور الزام دیتے ہیں اپنی مصروفیت کو۔ تم کون سا سارا دن ہوائی جہاز اڑاتے ہو؟ سارا دن آفس میں بیٹھ کر ہر کسی کو فون پر یہی کہتے ہو کہ ابھی کال بیک کرتا ہوں، ابھی آتا ہوں، شام کو ملوں گا وغیرہ وغیرہ۔

لہذا جب تم کوئی کام کرنے کے لئے وقت کا تعین ہی نہیں کر پاتے، تو تم ہر کام کو اس کی اہمیت مطابق ٹائم نہیں دے سکتے، کہیں ضرورت سے زیادہ ٹائم دیتے ہو اور کہیں بلکل ہی غائب ہوجاتے ہو۔ اب تم ہی بتاؤ جب تم نے کہا تھا کہ تھوڑی دیر میں فون کرتا ہوں، تو یہ تمہاری تھوڑی دیر چند گھنٹوں پر محیط کیوں تھی؟ چلوں تمہیں ایک مثال دیتا ہوں، میرے ایک اور دوست کی عادت ہے کہ وہ بیچ محفل میں سے اُٹھ کر جاتے ہوئے ''ابھی آیا'' ضرور کہتا ہے۔ لیکن اس کا یہ ''ابھی آیا'' کا مطلب کسی کو معلوم نہیں، ہوسکتا ہے اب وہ ایک ہفتہ بعد ملے یا شاید پھرایک ماہ بعد-



https://twitter.com/Kirtz_77/status/575604012965306368

https://twitter.com/MidnightsFury/status/581493635780354048

میں نے شرمندگی سے کہا اب میں کوشش کروں گا کہ ہر کام وقت پر کروں۔

وہ بولے، بھائی خالی خولی کوشش سے کچھ نہیں ہوتا۔ تمہاری یہ کوشش تو پچھلے 15 سالوں سے جاری ہے، ابھی تک تو تمہیں کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ اسکول کے زمانے میں بھی تمہارے یہی ڈھنگ تھے، ہوم ورک رات کو 12 بجے سے پہلے تو مکمل کرتے ہی نہیں تھے۔ ایسی کوشش سے کچھ نہیں ہونے والا۔

میں نے زچ ہو کر کہا تو کیا کروں؟؟

انہوں نے فاتحانہ نظروں سے میری طرف دیکھا اور بولے، اپنے پاس ہر وقت ایک ڈائری رکھو۔ دوستوں، کلائنٹس یا جاننے والوں سے جب بھی کوئی کمٹمنٹ کرو تو اس کے لئے وقت مقرر کرو اور ڈائری میں اس کا ریکارڈ رکھو۔ اب تم مجھے اگر کل شام کا کہنے کے بجائے یہ کہہ دیتے کہ رات کو 12 بجے فون کروں گا تو ابھی میں یہاں بیٹھا نہ تمھارے کان کھا رہا ہوتا اور نہ یوں میرے قیمتی وقت کا ضیاع ہوتا۔





مجھے اگرچہ ان کی آخری بات ناگوار گزری لیکن بات ٹھیک تھی، اس لئے میں چپ رہا، میرے چہرے پر اپنے دلائل کا اثر دیکھ کر عقل کل ہمیشہ کی طرح کچھ پھیل سے گئے، کرسی کی پشت سے ٹیک لگاتے ہوئے بولے، اب میں تم سے اپنی سروسز کی فیس تو چارج کرنے سے رہا مگر کل شام کا کھانا تمہاری طرف اور ہاں شام کا مطلب ہے شام کے 7 بجے، ڈائری میں لکھ لو، اور ہمیشہ یاد رکھنا کہ اگر وقت جہاز ہے تو ہم اس کے پائلٹ۔ ایک اچھا پائلٹ ہی بہترین انداز میں جہاز اڑا سکتا ہے۔

[poll id="346"]

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جاسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں