دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک امن قائم نہیں ہوسکتا سربراہ پاک فوج

دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف


ویب ڈیسک April 08, 2015
آپریشن ’’خیبر ٹو‘‘ کے دوران وادی تیراہ اور دیگر علاقوں میں مختلف کارروائیوں میں اب تک 263 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، آئی ایس پی آر فوٹو: ٹوئٹر

ISLAMABAD: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک امن قائم نہیں ہوسکتا، قوم مسلح افواج کی قربانیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ''ٹوئٹر'' پر کی گئی ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے فوجیوں کی قربانیوں پر شاندار خراج تحسین اور جوانوں کے عزم کو سراہا جب کہ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے مقامی قبائل کی حمایت کی تعریف کی۔

دورے کے دوران آرمی چیف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پاک افغانستان سرحد سے ملحقہ علاقوں تک کی جارہی ہیں اورافغانستان جانے والا درہ مساتیل بھی پاک فوج کے مکمل کنٹرول میں ہے اور کسی دہشت گرد کو فرار ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، آپریشن ''خیبر ٹو'' کے دوران وادی تیراہ اور دیگر علاقوں میں مختلف کارروائیوں میں اب تک 263 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ 35 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، اس کے علاوہ پاک فوج کی اسپیشل انجینئرز یونٹ نے 392 بارودی سرنگیں بھی ناکارہ بنائیں۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک امن قائم نہیں ہوسکتا، قوم مسلح افواج کی قربانیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں