نریندر مودی کا یمن سے بھارتی شہریوں کے بحفاظت انخلا پر نوازشریف سے اظہار تشکر

وزیراعظم نواز شریف کا اس انسان دوست اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہیں، بھارتی وزیراعظم


ویب ڈیسک April 08, 2015
انسانی خدمت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، بھارتی وزیراعظم، فوٹو:فائل

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یمن سے بھارتی شہریوں کی بحفاظت پاکستان واپسی پر اپنے ہم منصب نوازشریف اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کی جانب سے یمن میں پھنسے 11 بھارتی باشندوں کی بحفاظت منتقلی کو ایک انسانی اقدام قرار دیتے ہوئے وزیرِاعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ انسانی خدمت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور ہمیں خوشی ہے کہ دیگر ممالک کے شہریوں کے یمن سے بحفاظت انخلا میں پڑوسی ممالک کی مدد شامل ہے۔

اس سے قبل بھارتی سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر نے بھی پاکستان لائے جانے والے بھارتی شہریوں کو پاکستانی طیاروں سے وطن واپس بھیجنے پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک بحریہ کے بحری جہاز اصلت کے ذریعے 171 افراد کو یمن سے کراچی لایا گیا جس میں 11 بھارتیوں سمیت دیگر ممالک کے باشندے بھی شامل تھے جب کہ حکومت پاکستان نے بھارتی باشندوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس بھیجنے کی پیشکش کی جسے بھارتی حکومت نے قبول کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔