امریکی خاتون نے لاٹری کی رقم کیلیے شوہر کو طلاق دے دی

جج نے فیصلہ سناتے ہوئے لاٹری کی تمام رقم تھامس کے نام کردی۔


ویب ڈیسک April 09, 2015
قسمت نے خاتون کو ایسا سبق سکھایا کہ رقم شوہر کی جیب میں چلی گئی فوٹو : فائل

مثل مشہور ہے کہ لالچ کا انجام برا ہوتا ہے اور یہ بات کئی موقعوں پر سچ ثابت ہوئی حال ہی میں امریکا میں بھی ایک خاتون پر یہ محاورہ سچا ثابت ہوگیا ۔

امریکی خاتون نے لاٹری سے حاصل ہونےوالے 13لاکھ ڈالر ہضم کرنے کے لیے شوہر کو طلاق دیدی لیکن قسمت نے اسے ایسا سبق سکھایا کہ رقم شوہر کی جیب میں چلی گئی امریکی میڈیا کے مطابق امریکی شہرسانتا مونیکا کے رہائشی تھامس روسی نے اپنی بیوی ڈینس روسی کے ساتھ 25 سال خوشگوار زندگی گزاری لیکن پھر ایک دن اچانک اس نے بغیر کسی وجہ کے طلاق کا مطالبہ کردیا۔ تھامس نے اسے سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن خاتون نے طلاق لے کر ہی سانس لیا۔

دو سال بعد تھامس کے گھر پر ایک خط موصول ہوا جس میں لاٹری کی اقساط کے بدلے یکمشت رقم ادا کرنے والی کمپنی نے اپنی پیشکش اس کی سابقہ بیوی کے لیے بھیجی تھی۔ یہ خط غلطی سے تھامس کے پتے پر آگیا تھا۔ جب اس نے کیلیفورنیا اسٹیٹ لاٹری کمیشن سے معلومات لیں تو پتہ چلا کہ طلاق سے محض 11 دن پہلے اس کی بیوی کی 13 لاکھ ڈالر کی لاٹری نکلی تھی جسے اس نے مکمل طور پر خفیہ رکھا تھا۔

قانون کے مطابق لاٹری کی رقم میاں بیوی میں تقسیم ہونا تھی لیکن اس کی بیوی نے بھاری رقم کے لالچ میں نہ صرف خاوند سے طلاق لے لی بلکہ سرکاری اداروں سے بھی انعامی رقم چھپا کر رکھی۔تھامس نے اپنی بیوی پر مکاری کا الزام لگاتے ہوئے عدالت کا رخ کرلیا جہاں جج نے فیصلہ سناتے ہوئے لاٹری کی تمام رقم تھامس کے نام کردی۔ خاتون کو معلومات چھپانے اور دھوکہ دہی کی مرتکب قرار دیا گیا ہے تاہم وہ ابھی مزید قانونی کارروائی جاری رکھنے اور اعلیٰ عدالت میں جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں