یمن باغیوں کا الاند ایئر بیس پر قبضہ گولہ باری 22 افراد ہلاک

گولہ باری کے باعث کئی گھروں کو آگ لگی ہوئی ہے۔خبر ایجنسی

امریکا، روسی وزیرخارجہ کا سعودی ہم منصب کو فون، فریقین کی جنگ بندی پر اتفاق. فوٹو: فائل

عدن میں حوثی باغیوں کی رہائشی علاقوں میں شیلنگ اور گولہ باری سے22 افراد ہلاک اور 70سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ ہادی کی اتحادی فوج اور باغیوں میں جھڑپوں میں 11 افراد مارے گئے، باغیوں نے شہر کے مشرق میں واقع الاند ایئربیس پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔

سعودی لڑاکا طیاروں نے گزشتہ رات باغیوں کے زیرقبضہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بمباری کی، ہلاک ہونیوالوں میں 8باغی اور 3 ملٹری اہلکار شامل ہیں،خبر ایجنسی کے مطابق وسطی عدن میں گولہ باری کے باعث کئی گھروں کو آگ لگی ہوئی ہے۔ بدھ کے روز درجنوں باغی اور اور ان کے اتحادی فوجی شہر کی بندرگاہ کے قریبی علاقوں میں داخل ہوگئے۔


حوثی باغیوں نے خلیجی نیوز چینلز کی ویب ساٹئس بند کردی ہیں، آئی این پی کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ سعود الفیصل کیساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تمام فریقوں کی طرف سے جنگی کارروائیاں بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، اے پی پی کے مطابق ''آپریشن فیصلہ کن طوفان''کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری نے کہا ہے کہ ایران اور حزب اللہ نے حوثیوں کو عسکری تربیت دی تھی تاکہ وہ یمنیوں کو اذیت سے دوچار کرسکیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15رکن ممالک نے یمن کے سابق سربراہ احمد صالح اور حوثی گروہ کے رہنما عبدالمالک کو بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے،واضح رہے کہ روس نے بھی ایک ڈرافٹ پیش کیا ہے جس میں اس نے آپریشن ''فیصلہ کن طوفان''کی کارروائیوں میں انسانی بنیادوں پر وقفے کامطالبہ کیا تاکہ غیر ملکی شہریوں کو انخلا کا موقع فراہم ہو سکے۔
Load Next Story