حکومت کو لپیٹنے کیلئے دھرنا دینے والوں کے عزائم پورے نہ ہوسکے وزیراعظم

انتخابات ہم نے نہیں کرائےاس کےباوجودانتخابی مہم اوردھرنےمیں بڑی گالیاں سنیں تاہم ملکی مفاد میں جواب نہیں دیا، نوازشریف

اپنی مدت میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرکے اس کا بحران ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردیں گے، وزیراعظم فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت کو لپیٹنے کیلئے دھرنا دینے والوں کے عزائم پورے نہ ہوسکے اس لئے اب پاکستان کو غیر سنجیدہ اور پسپا ہونے والی نہیں بلکہ مستقل مزاج قیادت کی ضرورت ہے۔

ہری پورمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ تدبر اور تدبیر سے عاری قیادت ملک نے بہت بھگتی لیکن اب پاکستان کو غیر سنجیدہ، غیر مستحکم اور پسپا ہونے والی قیادت کی نہیں بلکہ مستقل مزاج اور سنجیدہ قیادت کی ضرورت ہے، نیا پاکستان بنانے والے خیبر پختونخوا میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکے تاہم آنے والے وقت میں صوبے میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتدار سنبھالا تو کوئی معاملہ بھی ٹھیک نہیں تھا لیکن حکومت کی کاوشوں سے حالات بہتر ہورہے ہیں، کراچی کی رونقیں دوبارہ بحال ہورہی ہیں اور ترقی کا پہیہ دوبارہ چلنا شروع ہوگیا ہے، شہر میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان ہم نے ختم کیا لیکن شہر قائد میں امن کی بحالی کا کریڈٹ کوئی اور لینے کی کوشش کررہا ہے۔


نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ سب کا ہے، ہم نے بلوچستان میں بھی بلوچوں کی حکومت بنائی اور خیبر پختونخوا میں بھی نئے پاکستان کی جھلک دیکھنا چاہتے ہیں، 2013 کے انتخابات ہم نے نہیں کرائے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود انتخابات اور دھرنے میں بڑی گالیاں سنی تاہم ملک کے مفاد میں جواب نہیں دیا کیونکہ ہم غلط چیزوں کو بھول کر اور سب کو ساتھ چلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے باعث ملک میں بجلی کے کارخانے لگنے شروع ہوگئے ہیں، اپنی مدت میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے اور بجلی بحران کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے 3 سال میں خیبر پختونخوا میں موٹرویز کا جال بچھادیں گے، چین کی سرحد سے موٹروے خیبر پختونخوا پہنچے گی جب کہ ہزارہ موٹروے اور خنجراب ہائی وے ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔
https://www.dailymotion.com/video/x2m6uyx_pm-nawaz_news
Load Next Story