بھارت میں اسکول پرنسپل کے بہیمانہ تشدد سے طالب علم ہلاک

اترپردیش کے اسکول میں پرنسپل نے پینسل چوری کےالزام میں بچے کو بری طرح مارا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی


بچے کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، فوٹو:فائل

بھارت میں بچوں پر تشدد کے ہولناک واقعات اکثر و بیشتر خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں لیکن اسکولز میں تشدد کے ایک واقعے نے تو سب کو ہلا کر رکھ دیا جس میں پرنسپل نے صرف پینسل چوری کرنے پر بچے کو اتنا مارا کہ وہ زندگی سے ہی ہاتھ دھو بیٹھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے علاقے بارابانکی میں واقع نجی اسکول کے پرنسپل نے 11 سال کے بچے کو دوسرے بچے کی اس پینسل کےساتھ دیکھ لیا جس کی کچھ دیر پہلے ہی پرنسپل سے چوری ہونے کی شکایت کی گئی تھی، اسکول پرنسپل اس پینسل کو دیکھ کر طیش میں آگیا اور اس نے بچے پر بہیمانہ تشدد شروع کردیا جس سے بچے کو خون کی الٹیاں لگ گئیں اور اس کی حالت غیر ہوگئی، بچے کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق اسکول پرنسپل کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے بچے پر تشدد کا اعتراف بھی کیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے بچے کی میڈیکل رپورٹ تیار کی جارہی ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم کو اس جرم میں 10 سال قید تک کی سزا ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں